واشنگٹن// ایسا لگتا ہے کہ امریکہ چاروں طرف سے ایران کو گھیرنے کا تہیہ کرچکا ہے ۔اب اس نے پاسدارن انقلاب کو دہشت گرد قرار دینے کی تیاری کر لی ہے ۔ ٹرمپ انتطامیہ نے اگر یہ اقدام کیا تو یہ دنیا میں کسی بھی ملک کی فوج کو دہشت گرد قرار دینے کا پہلا واقعہ ہو گا۔ امریکی حکومت پاسداران انقلاب کے بعض اہلکاروں کو پہلے ہی غیر ملکی دہشت گرد قرار دے چکی ہے تاہم یہ اپنی نوعیت کا تاریخی واقعہ ہو گا۔میڈیا رپورٹوں کے مطابق امریکہ کا دعویٰ ہے کہ ایران کے پاسدارن انقلاب نے شام میں باغیوں کے خلاف بشارالاسد حکومت کا ساتھ دیا تھا، لبنان حکومت میں شامل تنظیم حزب اللہ کی سرگرمیوں میں مدد کی تھی اور فلسطین کی تنظیم حماس کی بھی معاونت کی ہے ۔امریکی حکومت دو برس سے اس بات پر غور کررہی ہے کہ آیا پاسداران انقلاب کے خلاف کارروائی کی جائے یا نہیں۔2017 میں ایسی ہی اطلاعات پر ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے ٹرمپ حکومت کو تباہ کن جوابی اقدام سے خبردار کیا تھا۔پاسداران انقلاب کے کمانڈر محمد علی نے کہا تھا کہ اگر امریکہ نے ایسی احمقانہ حرکت کی تو پاسداران انقلاب دنیا بھر میں امریکی فوجیوں کو داعش کے طور پر لیں گے ۔ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارت میں امریکہ اس سے پہلے ایران کے خلاف ایک اور بڑا اقدام بھی کر چکا ہے ، ٹرمپ انتطامیہ نے ڈیموکریٹ صدر بارک اوباما کے دور میں ایران سے کی گئی نیو کلیئر ڈیل یکطرفہ طور پر ختم کردی تھی۔یو این آئی
ایران میں سیلاب سے: اب تک 70 ہلاک، تقریبا 800 زخمی
تہران// ایران میں مسلسل ہو رہی بارش سے سیلاب سے کم از کم 70 افراد کی موت ہو چکی ہے اور 791 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔مقامی میڈیا نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ایرانی میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق چار افراد اب بھی لاپتہ ہیں جبکہ 791 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ایرانی ریڈ کریسنٹ کے سربراہ مرتضی سلیمي نے کہا کہ ایران کے سیلاب سے متاثرہ 293 شہروں اور دیہات میں ا مداد پہنچائی جا رہی ہے ۔پولڈوختر اور مامولن شہر سیلاب کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ان شہروں میں ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں کو روانہ کر دیا گیا ہے ۔سیلاب کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں سڑک کے ذریعے پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، اس لیے لوگوں کو طیاروں کے ذریعے امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے ۔ طبی ٹیموں کو بھی لوگوں کی ا مداد کے لئے متاثرہ علاقوں میں بھیج دیا گیا ہے ۔ اس سے پہلے ایرانی قانونی طبی تنظیم (آئی ایل ایم او) نے کہا تھا کہ فارس اور لریستان سیلاب کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ایران کے مغربی علاقے میں سیلاب کی وجہ سے درجنوں گاؤں بہہ گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ایران میں 19 مارچ سے مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے اس کے زرعی شعبے ، بنیادی ڈھانچے اور رہائشی علاقوں کو کافی نقصان پہنچا ہے ۔ یواین آئی