دبئی//امریکہ اور سعودی عرب نے اپنے تعلقات کومزید مضبوط کرنے کے لئے 350ارب ڈالر کے معاہدے پر دستخط کئے ہیں جس میں 110 ارب ڈالر کا اب تک کا ہتھیاروں کا سب سے بڑا معاہدہ بھی شامل ہے ۔ اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر سعودی عرب پہنچے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب کے شاہ سلمان کی موجودگی میں معاہدے پر دستخط کئے ۔وائٹ ہاؤس کے مطابق سعودی عرب کے ساتھ امریکہ کا اب تک کا یہ سب سے بڑا معاہدہ ہے ۔ مسٹر ٹرمپ کے ساتھ سعودی عرب کے دورے پر گئے امریکی وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ ہونے والاہتھیاروں کا یہ معاہدہ ایران کے بڑھتے ہوئے اثرو رسوخ کا جواب ہے ۔مسٹر ٹلرسن نے نامہ نگاروں کو بتایا،''دفاعی نظام اور خدمات کا یہ پیکیج سعودی عرب اور مکمل خلیجی علاقے کی طویل مدتی سلامتی کو مضبوطی فراہم کرے گا۔''صدر ٹرمپ عرب اسلامی امریکی سربراہی اجلاس میں حصہ لیں گے اور یہاں پر وہ اسلام کے بارے میں اپنے خیالات ظاہر کریں گے ۔وہ اسلام کے پرامن فلسفہ پر بات کریں گے ۔مسٹر ٹرمپ کے ساتھ ان کی بیٹی ایوانکا اور داماد جیریڈکشنر بھی آئے ہیں۔ صدر ٹرمپ ایسے وقت میں آٹھ دن کے غیر ملکی دورے پر ہیں جب امریکہ میں وفاقی تحقیقاتی بیورو (ایف بی آئی) کے ڈائریکٹر جیمز کومي کو عہدے سے ہٹانے کا معاملہ طول پکڑتا جا جا رہا ہے ۔ مسٹر ٹرمپ سعودی کے بعد اسرائیل، فلسطین ، ویٹیکن سٹی اور سسلي بھی جائیں گے ۔سعودی عرب اور امریکا کے درمیان 280 ارب ڈالر کے غیرمعمولی نوعیت کے معاہدوں اور غیر مسبوق اقتصادی تعاون کی یاداشتوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ان نئے معاہدوں کے دونوں ملکوں کی معیشت پر اثرات آئندہ چند برسوں کے دوران ظاہر ہونا شروع ہوجائیں گے۔ دوطرفہ معاہدوں کے نتیجے میں روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق ریاض میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں ضمنی طور پران معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔اس موقع پر دونوں حکومتوں کی اعلیٰ شخصیات اور کاروباری کمپنیوں کے سربرہان بھی موجود تھے۔ اقتصادی اعتبار سے اہم ترین معاہدوں میں ’بلاک اسٹون‘ اور پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے درمیان طے پایا معاہدہ شامل ہے۔ توقع ہیکہ پیش آئند برسوں کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان باہمی معاہدوں کا حجم 3 کھرب 50 ارب ڈالر سے تجاوز کرجائے گا۔امریکا اور سعودی عرب کے درمیان طے پائے 15 اہم معاہدے۔سعودی تیل کمپنی ارامکو کا امریکی کمپنیوں سے 50 ارب ڈالر کا معاہدہ۔جنرل الیکٹرک نے صنعت و معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے 15 ارب ڈالر کا معاہدہ کیا۔ریتھین عریبک سعودی دفاعی نظام اور سعودی عرب میں اسمارٹ اسلحہ کو اپ گریڈ کرے گی۔اکسن موبیل اور ساپک کی جانب سے پیٹرو کیمیکل منصوبوں میں شمولیت کی منظوری۔لاکھ ہیڈ مارٹن سعودی عرب کو ’S70‘ ماڈل کے 150 بلیک ہاک ہیلی کاپٹر فراہم کرے گا۔جنرل ڈائنامیکس آرمرڈ فورسز کے زیراستعمال گاڑیوں کی تیاری میں معاونت، ڈیزائن اور آباد کاری میں مدد کرے گی۔روان کمپنی کے ساتھ طے پائے معاہدے میں امریکا سمندر میں قدرتی وسائل کی تلاش اور کھدائی میں سات ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔نابوزر اپنے منصوبوں کو وسعت دیتے ہوئے تیل کے کنوئوں کی کھدائی کے لیے 9 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ارامکو انٹرنیشنل اویلویل کا چھ ارب ڈالر کا معاہدہ۔ویڈز فورڈ تیل فیلڈ، ہاؤسنگ کے لیے سامان اور سروسز کی فراہمی پر دو عرب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ڈاؤ کیمیکل سعودی عرب میں پولیمر پرڈکشن یونٹ قائم کرے گا اور اپنے دیگر منصوبوں کو وسعت دے گا۔مکڈیرماٹ اور ارامکو کے درمیان 2.8 ارب ڈالر کا معاہدہ جس میں ہاؤسنگ اور سروسز شامل ہیں۔ھینیویل ارامکو کے ساتھ تین اعشاریہ چھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ امریکی فضائی کمپنی اور امریکی کمپنی بوئنگ کے درمیان معاہدہ۔جاکوبز انجینیرنگ کی جانب سے تیل کے منصوبوں کے لیے 250 ملین ڈالر کی منظوری۔