واشنگٹن//امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کے درمیان ممکنہ ملاقات کے بارے میں اب یہ شرط لگا دی ہے کہ پہلے شمالی کوریا کچھ ٹھوس قدم اٹھائے اس کے بعد ہی یہ ملاقات ہو سکے گی۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے نامہ نگاروں سے کہا'' یہ بات چیت اس وقت تک نہیں ہو سکتی جب تک کہ شمالی کوریا کچھ ایسے ٹھوس قدم نہ اٹھا لے جس کے بارے میں اس نے پہلے سے وعدہ کیا ہوا ہے ''۔محترمہ سینڈرز نے حالانکہ یہ صاف نہیں کیا کہ شمالی کوریا کو کن وعدوں کو پورا کرنا ہے یا اس اجلاس کے لئے شمالی کوریا کو کیا اقدامات کرنے ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر ٹرمپ کے ساتھ ملاقات تب ہی ہوگی جب شمالی کوریا کے قول اور فعل میں کوئی فرق نہیں ہو گا۔قابل غور ہے کہ جنوبی کوریا کے قومی سلامتی کے مشیر چنگ یوئی یونگ نے وائٹ ہاؤس میں جمعرات کو یہ اعلان کیا تھا کہ مئی سے پہلے مسٹر ٹرمپ اور مسٹر ان کے درمیان ملاقات ہوگی۔یواین آئی