واشنگٹن //امریکہ کی جنوبی ریاست مسیسپی میں ایک امریکی فوجی طیارے کے حادثے میں کم از کم 16 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔یہ حادثہ پیر کو مقامی وقت کے مطابق شام چار بجے ریاست کے دارالحکومت جیکسن سے 100 میل کے فاصلے پر لا فلورے کاؤنٹی میں پیش آیا۔لافلورے کاؤنٹی میں ایمرجنسی مینجمنٹ کے ڈائرکٹر فریڈ رینڈل نے کہا کہ مرنے والے تمام 16 افراد میرین کور کے طیارے پر سوار تھے جن میں سے کوئی زندہ نہیں بچا۔مسیسیپی کے گورنر فل برائنٹ نے اس واقعے کو 'المیہ' قرار دیا ہے۔انھوں نے کہا: 'وردی میں ہمارے مرد اور خواتین جوان ہماری آزادی کے تحفظ کے لیے ہر دن خود کو خطرے میں ڈالتے ہیں۔'سرکاری طور پر حادثے کی وجوہات کو فوری طور پر بیان نہیں کیا گیا ہے۔میرن کور کی ترجمان سارہ برنز نے صرف اتنا بتایا کہ میرنز کا سی 130 ہرکولیس ٹرانسپورٹ طیارہ 'حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔'جائے حادثہ کی تصاویر میں حادثے کا شکار طیارے کا ملبہ اور اس سے اٹھتے دھوئیں اور شعلے نظر آ رہے ہیں۔