نیویارک //سمندری طوفان آئیڈا امریکہ کی صنعتی ریاست لوئزیانا سے ٹکرا گیا ہے جس کے باعث شدید طوفانی بارشوں اور تیز ہواؤں نے تباہی مچا دی ہے۔ ریاست کے شہر نیو اورلینز میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے جب کہ طوفان کے باعث ایک شخص کی ہلاکت کی بھی اطلاعات ہیں۔ سیلاب کے انتباہ کے چند گھنٹے بعد بجلی فراہم کرنے والی مقامی کمپنی نے بتایا تھا کہ 'ٹرانسمیشن کو تباہ کن نقصان پہنچنے کے باعث نیو اورلینز شہر میں بجلی کی فراہمی معطل ہوئی ہے۔ کیٹیگری چار کا یہ طوفان آئیڈا عین اسی روز ریاست سے ٹکرایا جب 16 برس قبل کیٹرینا نامی طوفان نے لوئزیانا اور مسی سپی میں تباہی مچائی تھی۔سمندری طوفان آئیڈا کو امریکہ سے ٹکرانے والا پانچواں طاقت ور طوفان قرار دیا جا رہا ہے۔ طوفان کے باعث 150 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں۔ تاہم بعد ازاں طوفان کی شدت میں کمی دیکھی گئی اور یہ کیٹیگری 2 تک پہنچ گیا۔ماہرینِ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ طوفان کے دوران 115 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائیں 33 ہزار نفوس پر مشتمل شہر ہوما کے لیے بھی بڑا خطرہ ہے۔