عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا جمعرات (2 جولائی) کو جموں کے بھگوتی نگر میں واقع یاتری نواس بیس کیمپ سے شری امرناتھ یاترا کے پہلے جتھے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔کل سے شروع ہونے والی یہ سالانہ مقدس یاترا 57 دنوں تک جاری رہے گی اور 28 اگست کو رکشا بندھن کے پرمسرت موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔ دوسری جانب، بدھ کے روز تنی ریور فرنٹ سینٹر پر آف لائن رجسٹریشن کا عمل بھی شروع ہو گیا، جہاں ٹوکن حاصل کرنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند پہنچے۔سرکاری حکام کے مطابق، یہ یاترا بیک وقت دو راستوں سے شروع ہو رہی ہے:
پہلگام راستہ: ضلع اننت ناگ کا روایتی 48 کلومیٹر طویل نونوان-پہلگام راستہ۔
بالٹال راستہ: ضلع گاندربل کا کم فاصلے (14 کلومیٹر) مگر انتہائی ڈھلان والا راستہ۔
جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کو منظم رکھنے کے لیے سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ یکم جولائی 2026 کی شام 7 بجے کے بعد قاضی گنڈ سے جموں کی طرف اور جکھینی (ادھم پور) سے سرینگر کی طرف بھاری گاڑیوں کی آمد و رفت پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ چھوٹی گاڑیوں کو رات 11 بجے تک چلنے کی اجازت دی گئی ہے۔جموں کے ڈویژنل کمشنر رمیش کمار نے بتایا کہ انتظامیہ نے یاترا کے راستے میں آنے والے تمام 5 اضلاع میں شاندار انتظامات کیے ہیں۔ 55,000 یاتریوں کے ٹھہرنے کی گنجائش کے ساتھ ساتھ شاہراہ پر 2100 عارضی بیت الخلا تعمیر کیے گئے ہیں۔
امرناتھ یاترا 2026 : لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کل یاتریوں کے پہلے جتھے کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے