امرناتھ یاترا 2021 | ایل جی کے پرنسپل سیکریٹری کا صوبائی کمشنر کے ہمراہ پہلگام کا دورہ

اننت ناگ//شری امرناتھ یاترا2021کے بلاخلل انعقاد کویقینی بنانے کیلئے لیفٹینٹ گورنرکے پرنسپل سیکریٹری نتیشورکمار نے صوبائی کمشنر پانڈورانگ پولے،کے ہمراہ پہلگام کا دورہ کرکے وہاں کئے جارہے انتظامات کا جائزہ لیا۔پرنسپل سیکریٹری نے پوتر گھپاکے درشن کیلئے یاتریوں کیلئے کئے جارہے انتظامات اور سہولیات سے متعلق جانکاری حاصل کی۔انہوں نے حکام پرزوردیا کہ وہ مناسب انتظامات اور یاتریوں کی سہولیات کیلئے ہرممکن اقدام کریں اوریاتراکے بنیادی کیمپ ،رکنے کے مقامات پر ہر طرح کی سہولت یاتریوں کیلئے مہیا رکھیں۔انہوں نے یاتراکوآسان بنانے کیلئے اور یاتریوں کی صحت کی حفاظت کیلئے قرنطین مراکزاور آئسولیشن سینٹر قائم کرنے پربھی زوردیااس کیلئے یاتریوں کیلئے وینٹی لیٹرمہیا رکھنے کی بھی تاکید کی۔  انہوں نے شہری تحفظ رضاکاروں کیلئے مناسب لباس تیار کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ انہیں آسانی کے ساتھ پہچانا جائے اور وہ یاتریوں کی مدد کرسکیں۔انہوں نے سم کارڈوں اور دیگر اشیاء ضروریہ کیلئے کیوسک بنانے کی بھی ہدایت دی۔اس موقعہ پراننت ناگ کے ڈپٹی کمشنر پیوش سنگلا نے پرنسپل سیکریٹری کویاتراانتظامات سے متعلق جانکاری دی اور صحت ،سیکورٹی ،قیام وطعام اور دیگر انتظامات سے آگاہ کیا۔اسسٹنٹ یاتراافسر اور چیف ایگزیکیتوافسرپہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی مشتاق احمد سمنانی نے میٹنگ کے دوران پہلگام میں دستیاب سہولیات کی بھی جانکاری دی۔   میٹنگ میں ایس ایس پی اننت ناگ،ایڈیشنل سی ای اوشرائن بورڈ،جل شکتی ایس ای،پی ڈی ڈی،ایس ڈی ایم پہلگام،اور دیگرحکام موجود تھے۔