محمد تسکین
بانہال // امرناتھ یاترا کا تیسرا قافلہ ہفتہ کی علی الصبح سخت سیکورٹی انتظامات کے بیچ بھگوتی نگر یاتری نواس جموں سے کشمیر کے لیے روانہ ہوا۔ پولیس حکام کے مطابق 4,812یاتری 259گاڑیوں کے قافلے میں روانہ ہوئے جن میں سے 2,041یاتری بالتل راستے سے جبکہ 2,771یاتری پہلگام راستے سے مقدس امرناتھ گھپا کی یاترا کریں گے۔بالتل جانے والا قافلہ صبح 3:00بجے جبکہ پہلگام جانے والا قافلہ 3:24بجے جموں سے روانہ ہوا۔راستے میں بالتل روٹ کا قافلہ بانہال کے لامبر گراؤنڈ لنگر جبکہ پہلگام روٹ کا قافلہ چندرکوٹ، رامبن کے لنگر پر ناشتے کے لیے رکا، جس کے بعد دونوں قافلے اپنے متعلقہ بیس کیمپوں کی جانب روانہ ہوئے، جہاں سے یاتری امرناتھ گھپا کی پیدل یاترا کا آغاز کریں گے۔