رائے بریلی//اترپردیش کے ضلع رائے بریلی میں آج بھارتیہ جنتاپارٹی(بی جے پی)کے قومی صدرامت شاہ کی ایک ریلی کے دوران آگ لگنے سے افراتفری کاماحول پیداہوگیا۔وہیں اسٹیج پرموجودمسٹرشاہ سمیت دیگرحضرات محفوظ بیٹھے رہے ۔ دراصل ریلی میں اسٹیج کے قریب پبلک ایڈریس سسٹم کے لئے بنائے گئے پنڈال میں شارٹ سرکٹ سے اس وقت آگ لگ گئی جب ریاستی صدرمہندرناتھ پانڈے کی تقریرچل رہی تھی۔آگ لگنے سے ریلی میں افراتفری کاماحول پیداہوگیا۔موقعہ پرموجودفائربریگیڈکے عملے نے تھوڑی دیرمیں ہی آگ پرقابوپالیا۔دریں اثناء پولس اہلکاراوربی جے پی کے کارکنان ریلی میں آئے لوگوں کے درمیان نظم وضبط بنائے رکھنے کی کوشش میں مصروف رہے ۔ آگ پرقابوپانے کے بعدمسٹرپانڈے نے اپنی تقریردوبارہ شروع کی۔ان کے بعدوزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ اورپارٹی کے قومی صدر امت شاہ نے رائے بریلی کی عوام سے کانگریس کی کرتوت اوراپنی پارٹی کی حصولیابیاں تفصیل سے گنوائی۔آگ کی وجہ سے ریلی تقریباً 15منٹ تک متاثر رہی۔اس سے پہلے کانگریس قانون سازکونسل کے رکن دنیش پرتاپ سنگھ ،انکے بھائی اورضلع پنچایت کے صدراودھیش سنگھ نے بی جے پی کی ابتدائی رکنیت حاصل تاہم اس موقعہ پران کے ایک دیگرایم ایل اے بھائی راکیش سنگھ کی غیرموجودگی موضوع گفتگورہی ۔