سرینگر//پردیش کانگریس کمیٹی صدر غلام احمد میر نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ جن جاگرن ابھیان کو کامیاب بنائیں۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس پارٹی بھاجپا کی عوام کے تئیں ناانصافی اور غلط پالیسیوں کیخلاف ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ کے این ایس کے مطابق ضلع بانڈی پورہ میں جن جاگر ابھیان شروع کرتے ہوئے غلام احمد میر نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا کی زیر قیادت مرکزی حکومت میں قیمتوںمیں بے تحاشا اضافہ، اقتصادی بحران اور دیگر عوامی مشکلات کے خلاف احتجاج درج کرنے کیلئے پورے بھارت میں شروع کئے گئے جن جاگرن ابھیان شروع کیا گیا ہے۔ غلام احمد میر نے جموںوکشمیر میں بگڑتی سلامتی صورتحال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پُرامن ماحول اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے میں ناکام ہوئی ہے۔ انہوںنے پارٹی ورکروں پر زور دیا کہ وہ چلینجوں کا مقابلہ کرنے اور جموںوکشمیر کے اطراف و اکناف میں اپنی سرگرمیوں کوشروع کریںاور پارٹی کی پالیسیوں کو عوام تک پہنچائیں۔ بھاری عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہاکہ مرکز میں بھاجپا حکومت قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کو سزا دے رہی ہے جبکہ سرمایہ دار ہزاروں کروڑ روپے کما رہے ہیں لیکن اس کے برعکس عام آدمی 2014سے بری طرح سے متاثر ہورہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ مودی حکومت کیلئے ملک میں چند کارپوریٹ اہم ہیں جبکہ عام لوگوں کی بنیادی ضرورتوں کو نظر انداز کیا جارہا ہے جس کو برداشت نہیں کیاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ کانگریس پارٹی بھاجپا کی عوام مخالف پالیسیوں کا مقابلہ کرے گی اور عوام کو انصاف دلانے کو یقینی بنائے گی جووزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی والی حکومت میں بری طرح ناقص انتظامیہ اور غلط حکمرانی کے سبب متاثر ہورہے ہیں۔ غلام احمد میر نے کہاکہ مرکزی حکومت کارپوریٹ طبقے ، جو دن بدن امیر اور عام لوگ غریب سے غریب ہورہے ہیں، کوفائدہ پہنچارہی ہی، اس کے بارے کانگریس پارٹی کو عوام کو آگاہ کرے گی ۔ انہوںنے بھاجپا کی عوام کش پالیسیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے عوام سے تعاون طلب کیا۔ عوامی اجتماع میں پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر حاجی عبدالرشید، گلزار احمد وانی، بشیر احمد وانی، بشیر احمد ماگرے اور سریندر سنگھ چھنی نے بھی خطاب کیا۔ لیڈران نے مختلف مسائل خاص کر بے روزاری اور آئے روز قیمتوںمیں اضافہ پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس پارٹی عوامی اہمیت کے حامل مسائل پر سمجھوتیہ نہیں کرے گی اور مرکزی حکومت کی غلط پالیسیوں کے خلاف سینہ سپر کرکے مقابلہ کرے گی۔ ڈی ڈی سی صدر امتیاز پرے، فیاض احمد میر، فاروق احمد بٹ، ساحل فاروق اور عبدالغنی خان نے بھی عوام سے خطاب کیا۔
امتیازی سلوک اور ناانصافی کیخلاف لڑنے کیلئے کانگریس وعدہ بند :میر
