جموں//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے سرینگر میں این ای ای ٹی (پی جی ) امتحانی سینٹرکی عدم دستیابی سے متعلقہ امیدواروں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے آئندہ ہونے والے امتحان کیلئے سرینگر میں ایک امتحانی مرکز قائم کرنے کا معاملہ مرکز کے ساتھ اٹھایا ہے ۔صحت و خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر جے پی نڈا کے نام ایک مراسلے میں وزیر اعلیٰ نے مرکزی وزیر کی توجہ اس حقیقت کی جانب مبذول کرائی ہے کہ نیشنل بورڈ آف ایگزامنیشن کی طرف سے 7؍ جنوری 2018ء کو منعقد کئے جانے والے اس امتحان میں کشمیر صوبے سے لگ بھگ 2000طلاب شامل ہو رہے ہیں اور سرینگر میں امتحانی مرکز نہ ہونے کی وجہ سے کافی تعدادمیں میڈیکل گریجویٹ طلاب کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔محبوبہ مفتی نے مرکزی وزیر صحت سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کر کے سرینگر میں اس امتحان کے لئے ایک امتحانی مرکز قائم کرائیں تاکہ طلاب کو کسی قسم کی دقتوں کا سامنانہ کرنا پڑے ۔واضح رہے کہ طلاب کے مختلف گروپوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے درخواست کی تھی کہ وہ یہ معاملہ مرکزی سرکار کے ساتھ اٹھاکر این ای ای ٹی (پی جی ) ۔2018 ء امتحان کے لئے سرینگر میں ہی ایک امتحانی مرکز قائم کرنے میں اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔