راجوری +پونچھ //راجوری اور پونچھ میں گرام سوراج ابھیان کا خصوصی پروگرام شروع ہوگیا جس دوران دونوں اضلاع میں امبیڈکر جینتی کو قومی یوم انصاف کے طور پر منایاگیا ۔راجوری میں ڈاک بنگلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری مہمان خصوصی تھے ۔ اس دوران ضلع کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی ۔ اپنے خطاب میں ڈی سی نے کہاکہ سماجی انصاف مساوات اور برابری کی بنیاد پر ہوتاہے اور ہر ایک کو ہر شعبے میں یکساں مواقع فراہم ملنے چاہئیں ۔انہوںنے کہاکہ گرام سوراج ابھیان کو کامیاب بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنایاجائے ۔اس دوران وزیر اعظم کا لائیو خطاب بھی ہوا اور لوگوں میں جانکاری عام کرنے کیلئے میٹریل تقسیم کیاگیا ۔اسی طرح کے پروگرام بلاک سطح پر بھی منعقد کئے گئے ۔ وہیں پونچھ میں ضلع انتظامیہ کی قیادت میں بال آشرم میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں بڑی تعداد میںلوگوںنے شرکت کی ۔اس موقعہ پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر پونچھ شیخ عبدالحمید مہمان خصوصی تھے ۔انہوںنے کہاکہ اس خصوصی پروگرام کے دوران لوگوں میں مرکزی معاونت والی سکیموں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ جانکاری پھیلائی جائے تاکہ وہ اپنے حقوق سے واقف ہوسکیں ۔تقریب میں نظامت کے فرائض پردیپ کھنہ نے انجام دیئے ۔