سوپور// شمالی ضلع بارہمولہ کے امبر پورہ تارزو کے مکینوں نے آر اینڈ بی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لنک روڈ کی مرمت اور میکڈم بچھانیکا مطالبہ کیا۔ سوپور سنبل روڈ کو گھنٹوں بلاک کرتے ہوئے مظاہرین نے بتایا کہ سڑک خستہ حال ہے کیونکہ اس لنک روڈ کی طویل عرصے سے مرمت نہیں کی گئی اور حکام نے اس گاؤں کی طرف کبھی توجہ نہیں دی۔مقامی لوگوں نے کہا ’’ ہم اپنے مطالبات کیلئے کئی بار سڑکوں پر نکلے لیکن متعلقہ محکمہ اس حوالے سے کوئی قدم اٹھانے میں ناکام رہا‘‘۔اس دوران تارزو تھانہ کے ایس ایچ او بلال کھانڈے نے موقع پر پہنچ کرمظاہرین کو یقین دلایاجس کے بعد مظاہرین پرامن طور منتشر ہوگئے۔دریں اثناء محکمہ آر اینڈ بی سوپور نے بتایا کہ اس سلسلے میں ایک ٹینڈر پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے اور سڑک پر کام جلد شروع کیا جائے گا۔