پونچھ// امام بارگاہ ساتھرہ منڈی میں محرم الحرام کی آٹھویں تاریخ کو ہرسال کی طرح اس سال بھی ضلع سطح کی مجلس عزاء منعقد کی گئی جس میں تحصیل منڈی، تحصیل حویلی، تحصیل سرنکوٹ اور تحصیل مینڈھر کے تمام علاقوں کے عزاداروں نے شرکت کر کے امام عالی مقام شہید کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام کے حضور اپنی عقیدتوں کا اظہار کیا۔انجمن رضائے آل محمد ساتھرہ کی جانب سے منعقدہ اس مجلس عزا میں مولانا سید مختار حسین جعفری، مولانا جنان اصغر مولائی، مولانا توقیر الحسن اور مولانا سید ظہورحسین کربلائی نے خطاب کر کے فلسفہ شہادت حضرت امام عالی مقام پر مفصل روشنی ڈالی ۔اس موقعہ پر ثنا خواں حضرات نے نعت ومنقبت، سلام و نوحہ بھی پیش کیا۔علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے دور حاضرکے یزیدوں سے عزادروں کو خبر دار رہنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے یزید امریکہ اور اسرائیل ہیں جو خود کو سپر پاور بنا کر ہر طرف ظلم و جور کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حسینیوں کا فرض ہے کہ وہ اس ظلم کے خلاف آواز بلند کر کے ان یزیدیوں کے چہروں کے نقاب ہٹائیں تاکہ امام حسین نے جو پیغام دیا ہے وہ عام ہو۔انہوں نے شام، لبنان اورفلسطین میںمسلمانوں کے نسل کشی کی مذمت کرتے ہوئے عالم انسانیت سے اپیل کی کہ وہ ان ظالموں کے خلاف اٹھ کر مظلوموں کی مدد کریں۔مجلس عزاء کے دوران سید شوکت کاظمی نے نظامت کے فرائض انجام دیئے جبکہ دعا و سلام پر یہ مجلس عزاء اختتام پذیر ہوئی۔
امام بارگاہ ساتھرہ میں سالانہ مجلس عزا ء منعقد
