سری نگر//گورنر کے مشیر کے کے شرما نے یہاں ایک تقریب پر لوکیش دَت جہا کو جے اینڈ کے سٹیٹ الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن ( جے کے ایس ای آر سی ) کے چیئرمین کی حیثیت سے حلف دِلایا۔تقریب میں پرنسپل سیکرٹری فائنانس، پرنسپل سیکرٹری منصوبہ بندی ، کمشنر سیکرٹری بجلی ،ممبر سٹیٹ الیکٹرسٹی ریگولیٹری کمیشن ، سیکرٹری قانون ، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ، چیف انجینئر صاحبان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کے کے شرما نے کہا کہ کمیشن سرکار کو توانائی سیکٹر سے متعلق جانکاری فراہم کرنے کے معاملے میں اپنے فرائض انجام دیتا رہے گا۔اُنہوں نے کہاکہ کمیشن جدید توانائی وسائل کے استعمال کے لئے راہیں ہموار کرنے اور دیگر معاملات حل کرنے کے لئے اقدامات کرتا رہے گا۔جے کے ایس ای آر سی کے چیئرمین نے بھی اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اِظہار کیا۔