جموں//حکومت ریاست میں مارچ 2018 کے آخیر تک الیکٹرانک پبلک ڈسٹریبیوشن سسٹم عمل مکمل کرے گی ۔ اس کا اظہار وزیر برائے خوراک ، شہری رسدات ، امور صارفین اور امور قبائل چودھری ذوالفقار علی نے جموں صوبے میں افسران کی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کرنے کے دوران کیا ۔ میٹنگ محکمہ کی جانب سے ریاست میں ای پی ڈی ایس پروجیکٹ کے تحت راشن کے تقسیم کاری نظام کو مستحکم بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کا جائیزہ لینے کیلئے طلب کی گئی تھی ۔ وزیر نے کہا کہ نظام کو مکمل طور شفاف بنانے کیلئے ای پی ڈی ایس کا ہر پہلو مارچ 2018 کے آخیر تک مکمل کیا جانا چاہئیے تا کہ زمینی سطح پر واضح تبدیلیاں نظر آ سکیں ۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو قایم کئے نظام پر عمل پیرا رہنے کی ہدایت دی تا کہ ریاست کا ہر صارف بلا رکاوٹ راشن حاصل کر سکے ۔ وزیر نے میسرز لنک ویل ٹیلی سسٹم پرائیویٹ لمٹیڈ کو ریاست کے 20 اضلاع میں پی او ایس مشینوں کی صد فیصد تنصیب30 جنوری 2018 تک مکمل کرنے کی ہدایت دی تا کہ ان اضلاع کے 6 ہزار فئیر پرائس دوکانوں کو پوری طرح چالو کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ لیہہ اور کرگل کے سرحدی اضلاع میں بھی پی او ایس مشینوں کی تنصیب کا عمل شروع کیا جائے گا ۔ محکمہ کے دفاتر فئیر پرائس دوکانوں اور گوداموں میں کمپیوٹروں ، انٹر نیٹ سہولیات اور دیگر مطلوبہ ساز و سامان کی دستیابی کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ اس ضمن میں رقومات کی واگذاری کوئی مسئلہ نہیں ہے تا ہم متعلقہ حکام کو بروقت اپنی ضروریات کی فہرست پیش کرنی لازمی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو موقعہ پر ہی محکمہ کے تمام راشن سٹوروں اور دفاتر اور ایف سی آئی کے سٹوروں میں معقول تعداد میں کمپیوٹر اور دیگر متعلقہ ساز و سامان فراہم کرنے کی ہدایت دی تا کہ روز مرہ کے اندراجات معقول طور درج کئے جا سکیں ۔ سپلائی چین منیجمنٹ کو مستحکم بنانے کیلئے وزیر نے نیشنل انفارمیٹک سنٹر کے ریاستی سربراہ کو محکمہ کے تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹروں اور فیلڈ افسران کیلئے اگلے ہفتے ایک تربیتی پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی ۔ راشن کارڈوں کی آدھار کے ساتھ تصدیق کرنے کے عمل کا صوبہ وار ہدف کا جائیزہ لینے کے دوران وزیر کو بتایا گیا کہ صوبہ کشمیر کے 73,090 مستحقین کیراشن کارڈوں کی آدھار کے ساتھ تصدیق مکمل کی گئی ہے جبکہ جموں صوبے میں 76563 راشن کارڈوں کی آدھار کے ساتھ تصدیق ہوئی ہے ۔ اس طرح آدھار سے تصدیق کی کُل فیصد 55.45 فیصد ہے ۔ وزیر نے متعلقہ حکام کو ترجیحی کنبوں اور غیر ترجیحی کنبوں کے زمروں کا ہدف پوری طرح مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے محکمہ کے افسران کو راشن کارڈوں کی آدھار کارڈوں کے ساتھ صد فیصد تصدیق یقینی بنانے کیلئے کہا تا کہ نظام میں شفافیت اور جوابدہی لائی جا سکے ۔ کمشنر سیکرٹری محکمہ خوراک ، شہری رسدات و امور صارفین ، محکمہ کے صوبہ جموں کے ناظم اور جموں صوبے کے دیگر متعلقہ افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔