جموں// وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر مملکت جتیندر سنگھ نے ڈاکٹر فاروق کے بیان کہ ’کشمیر کا جو حصہ پاکستان کے پاس ہے، وہ پاکستان کا ہے‘ کے ردعمل میں کہا کہ فاروق عبداللہ کی باتوں کو سنجیدگی سے لینے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فاروق عبداللہ جب اقتدار میں ہوتے ہیں تو کہتے ہیں کہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور جب اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو ایسی باتیں کرتے ہیں۔ یہ وہی فاروق عبداللہ ہیں جنہوں نے اقتدار میں کہا تھا کہ پاکستانی زیر قبضہ کشمیر میں موجود جنگجوؤں کے کیمپوں پر حملے کئے جانے چاہیے‘۔ انہوں نے کہا ’ 1994 میں بھارت کی پارلیمنٹ میں ایک قرار داد منظور ہوئی جس کی تمام جماعتوں نے تائید کی ۔ اس قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان اگر جموں وکشمیر کو لیکر کوئی مسئلہ ہے تو وہ یہ ہے کہ کس طرح پاکستان زیر قبضہ کشمیر کو بھارت کے کشمیر کا حصہ بنایا جائے‘۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ اس وقت نیشنل کانفرنس نے کوئی اعتراض ظاہر نہیں کیا۔انہوں نے مزید کہا ’ ان کے والد (شیخ محمد عبداللہ) نے تو اٹانومی کو آج سے 40 سال پہلے اس وقت طلاق دی جب وہ 1975 ء میں ریاست کے وزیر اعلیٰ بنے‘۔