سرینگر//اقبال آباد بمنہ میں سڑکوں کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ حالت ہونے سے لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے۔ اقبال آباد بمنہ لین 4کے لوگوں کاکہنا ہے کہ سڑکوں پر جگہ جگہ گہرے اور بڑے کھڈ ہونے کے باعث راہگیروں کو گوناں گوں مسائل سے دوچار ہونا پڑرہا ہے۔ مقامی آبادی کاکہنا ہے کہ کئی سال قبل سڑکوں پر میگڈم بچھایا گیا جس کے سبب لوگوں نے راحت کی سانس لی لیکن پانی کی پائپ بچھانے کیلئے سڑک کی کھدائی کی گئی اور سڑکیں دوبارہ کھنڈرات میں تبدیل ہوگئیں۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ حالیہ برفباری کے بعد سڑکوں کی حالت اب بد سے بدتر ہوگئی ہے اور سڑکیں جھیلوں میں تبدیل ہوگئی ہیں۔ لوگوں کاکہنا ہے کہ سڑکوں پرگہرے کھڈ بن گئے ہیں جس میں برف سے پگھل رہا پانی جمع ہوگیا ہے اور گاڑیوں کی آمدورفت سے گندے پانی کی چھینٹے راہگیروں کو آتی ہیں اور کبھی کبھار نوبت توتو میں میںتک پہنچ جاتی ہے۔ ایک مقامی شہری مشتاق احمد کاکہنا ہے کہ علاقہ کی سڑکیں اس قدر خستہ ہیں کہ آٹو والے بھی یہاں آنے سے گریز کرتے ہیں۔ مذکورہ شہری نے کہاکہ ’میں نے لالچوک میں گھر کیلئے سامان خریدا اور جب آٹو والے سے کہاکہ اسے اقبال آباد لے جانا ہے تو آٹو والے نے صاف انکار کیاکہ وہاں کی سڑکیں اس قدر خستہ حال ہیں کہ نفع کے بجائے نقصان اٹھانا پڑے گا‘۔ مقامی آبادی کاکہنا ہے کہ کئی بار گورنر کے مشیروں سے بھی وفد نے یہ معاملہ لایا لیکن فقط یقین دہانیاں دی گئیں کہ سڑک پر میگڈم بچھایا جائے گا۔ لوگوںنے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک میگڈم بچھانے کیلئے موسم گرما نہیں آتا ، فی الحال گہرے کھڈوں میں روڑی ڈالی جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔