مینڈھر// مینڈھر کے حدِ متارکہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے دوران شہری آبادی کو نقصان پہنچانے پر ایم ایل اے مینڈھر جاوید احمد رانانے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کو معصوم لوگوں پر گولہ برسانے کا حق نہیں ۔ یہاں جاری بیان میںانہوں نے ہندو پاک حکمرانوںپر زور دیا کہ حد متارکہ کے قریب کے رہائشی علاقوں پر گولہ باری سے اجتناب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ کشیدگی کے دوران شہری آبادی پر گولہ باری کے دوران اموات میں اضافہ کی تمام لوگوں کو مذمت کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ افواج کی لڑائی میں بے گناہ شہریوں کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔ جاوید رانا نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ حد متارکہ کے قریب رہ رہے لوگوںکے لئے محفوظ مقامات پر کیمپ قائم کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ بنلوئی، دھرانا، گوہلد اور دوسرے علاقوں میں لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں، کو بحفاظت وہاں سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچانا سرکار کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مرکزی سرکار سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کے فوری خاتمے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کشیدگی کے دوران پیر پنجال خطے کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان معاندانہ تعلقات کے نتیجے میں عوام کو مشکلات کاسامنا کرنا پڑرہا ہے جن میں غریب دیہاتیوں کی اکثریت شامل ہے۔