کابل//افغانستان کے صو بہ قندوز میں سلامتی دستے کی کارروائی میں طالبان فوجی کمانڈر ملا منصور سمیت 21 جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شمالی زون کے فوجی ترجمان غلام حضرت کریمي نے پیر کو بتایا کہ صوبہ قندوز میں طالبان کے فوجی سربراہ ملا منصور اور ضلع امام صاحب میں طالبان کے نام نہاد ضلع ڈپٹی گورنر سمیت 21 جنگجو اتوار کی رات سے چلائی گئي مہم میں ہلاک ہو گئے ۔ ترجمان نے بتایا کہ ضلع امام صاحب کے متعدد دیہاتوں سے طالبان جنگوؤں کو کھدیڑ دیا گیا ہے ۔ اس مہم میں تقریبا 30 جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں۔ دریں اثنا، ضلع امام صاحب کے گورنر محب اللہ سیدی نے بتایا کہ اس مہم کے دوران سلامتی دستہ کے تین نوجوانوں کی موت ہوئی ہے اور چھ دیگر زخمی ہو گئے ہیں ۔ طالبان جنگجوؤں نے ان خبروں پر کوئی رد عمل کا اظہار نہیں کیا ہے ۔یو این آئی