افغانستان :مسجد میں خوفناک دھماکہ | ایک نمازی جاں بحق ،15زخمی

کابل// افغانستان کے صوبے بدغیث کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے میں ایک نمازی جاں بحق اور 15 سے زائد زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان کے صوبے بدغیث کے دارالحکومت کی ایک مسجد میں دھماکا ہوا ہے۔  دھماکا اتنا زوردار تھا کہ اس پاس کی عمارتیں لرز اْٹھیں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ریسکیو ادارے نے امدادی کاموں کے دوران 20 کے قریب زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں ایک نمازی کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی گئی جب کہ 15 زخمیوں کو داخل کرلیا گیا ہے۔اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک بتائی جارہی ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ طالبان اہلکاروں نے دھماکے کی جگہ کا گھیراو کرلیا۔تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے امام بارگاہوں میں 5 سے زائد خودکش حملے ہوئے ہیں جن کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی ہے۔طالبان اہلکار دھماکے کی نوعیت کا تعین کر رہے ہیں۔ طالبان کی جانب سے داعش خراسان کے امام بارگاہوں اور سیکیورٹی فورسز کی گاڑیوں پر حملے کے بعد سے کریک ڈاون آپریشن شروع کردیا ہے۔