سرینگر// جموں و کشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق احمد خان نے کہا ہے کہ جو سیاستدان شہری ہلاکتوں اور نوکر شاہی کے کام کاج سمیت مختلف امور کے بارے میں شور مچا رہے ہیں انہیں اپنے دور میں واپس جانا چاہیے اور اپنے گریباں میں جھانک کر یہ دیکھنا چاہیے کہ انہوں نے اپنے دور میں کیا کیا ہے اور اب گورنر انتظامیہ کیا کررہی ہے۔ کے این ایس کے ساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئے فاروق احمد خان نے کہا کہ سیاستدان جن واقعات اور معاملات پر شور مچا رہے ہیں انہیں اپنے دور کی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے کہ انہوں نے ماضی میں کیا کیا تو پھر انہیں اپنے سوالات کا بہترین جواب ملے گا۔انکا کہنا تھا کہ سیاسی لیڈران اپنے سیاسی فائدے کے لیے سیاسی بیانات دے سکتے ہیں کیونکہ انہیں بھی اظہار رائے کا حق حاصل ہے لیکن جموں کشمیر کی عوام مکمل طور بیدار ہے اور عوام سب کچھ جانتی ہے تاہم انہوں نے تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا کہ سیاستدان اپنا کام کریں لیکن انتظامیہ اور فورسز کو اپنا کام کرنے دیں۔فاروق خان نے مرکزی حکومت کی حالیہ آؤٹ ریچ پروگرام کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک وقت تھا، جب مرکز سے کوئی بھی کشمیر کا دورہ نہیں کرتا تھا لیکن اب آؤٹ ریچ پروگرام کا عمل نتیجہ خیز ثابت ہو رہاہے کیونکہ مرکزی وزراء کے دورے کے دوران لوگوں نے جو بھی مطالبات انکے سامنے رکھے مرکزی وزراء نے انہیں اس سے دوگنا دیا۔انہوں نے مزید کہا کہ جیسے زراعت کے لیے انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ اسکیم کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت جموں کشمیر میں آج تک کوئی پروجیکٹ شروع نہیں کیا گیا ہے لیکن وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر کے حالیہ آؤٹ ریچ پروگرام کے دوران انہوں نے اس اسکیم کے تحت ایک بڑے پروجیکٹ کا اعلان کیا اور اس طرح کے پروجیکٹوں کی عمل آوری ناممکن تھی لیکن اب یہ مرکزی وزراء کی رسائی کے بعد ہی سچ ثابت ہو رہا ہے تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ جو کام مرکزی وزراء نے کیا وہ کام جموں کشمیر کے وزراء اپنے دور میں نہیں کر سکے۔ فاروق احمد خان نے متعدد سیاستدانوں کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ عوام کی بیوروکریسی تک رسائی نہیں ،ِ پر کہا کہ منتخب حکومتوں کے دور میں بھی بیوروکریٹ ہمیشہ موجود رہے ہیں لیکن ورک لوڈ کی وجہ سے یہ ہر وقت ممکن نہیں ہے تاہم انہوں نے کہا کہ بیوروکریٹس ہر وقت عوام کے لیے دستیاب ہوتے رہتے ہیں لیکن پھر بھی ان کی یہ کوشش ہوتی ہے کہ وہ عوام سے زیادہ سے زیادہ جڑے رہیں۔
افسرشاہی کے کام کاج پر سیاستدانوں کاواویلا مچانا عبث: فاروق خان
