افسرشاہی لوگوں کوراحت پہنچانے میں مکمل ناکام : اکبر لون

سرینگر//لوگوں کو درپیش مشکلات اور مسائل اور روزمرہ کی ضروریات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، بے روزگاری اور لوگوں کی معاشی اور اقتصادی بدحالی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان محمد اکبر لون نے کہا کہ افسرشاہی لوگوں کو زمینی سطح پر راحت پہنچانے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ رکن پارلیمان  اپنے دفتر پر لوگوں کے مسائل و مشکلات کی جانکاری حاصل کررہے تھے اور اس سلسلے میں بانڈی پورہ، بارہمولہ اور کپوارہ سے آئے ہوئے عوامی وفود اور پارٹی سے وابستہ عہدیداروں اور کارکنوں نے انہیں اپنے علاقوں کے لوگوں کودرپیش مسائل کی جانکاری دی۔ وفود نے سڑکوں کی خستہ حالی، بجلی کی بدترین سپلائی پوزیشن، ہسپتالوں میں گرمی کے انتظامات کی کمی، پینے کے پانی کی قلت اور مہنگائی جیسے معاملات اُجاگر کئے۔ محمد اکبر لون نے موقعے پر ہی متعلقہ حکام کیساتھ لوگوں کے مسائل اُٹھائے اور ان کا سدباب کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر بانڈی پورہ، کپوارہ اور بارہمولہ سے بھی رابطہ کیا اور انہیں لوگوں کو راحت پہنچانے پر زور دیا۔ محمد اکبر لون نے کہاکہ انتظامی سطح پر لوگوں کی راحت رسانی کے بلند بانگ دعوے ہورہے ہیں لیکن زمینی سطح پر حکومتی دعوئوں کی قلعی کھل جاتی ہے۔ آج کی تاریخ میں لوگوں کو وہ سہولیات بھی میسر نہیں جو ماضی میں خود بہ خود میسر رہا کرتی تھی۔ دور دراز علاقے، جو سرما میں کٹ کر رہ جاتے ہیں، وہاں ابھی تک غذائی اجناس ، ادویات اور دیگر ضروریاتِ زندگی کا ذخیرہ مکمل نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹنگڈار، مژھل، کیرن، کرناہ، گریز اور دیگر علاقوں کے لوگوں میں اس وقت ضروری سٹاک کی کمی سے بہت تشویش لاحق ہوگئی ہے۔ محمد اکبر لون نے کہا کہ گذشتہ برسوں کے دوران حکومت نے سڑکوں پر میکڈم بچھانے کے بہت سارے اعلانات اور دعوے کئے لیکن بیشتر سڑکیں آج بھی کھنڈرات کے مناظر پیش کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب جبکہ میکڈم بچھانے کا وقت لگ بھگ ختم ہوگیا ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ سرما سے قبل کم سے کم سڑکوں پر پیچنگ کا کام مکمل کیا جائے۔