شوق
مولوی صاحب نے اپنی تبلیغ میں جب ابو حنیفہؒ کایہ واقعہ سنایا کہ ابوحنیفہ ؒ عشا کے وضو پر فجر کی نماز ادا کرکے پوری رات نوافل میں گذار دیتے تھے‘‘ تو اکرم آگ بگولہ ہوگیا اور مولوی صاحب کو جھوٹا اور قصے کہانیاں گڑنے والا عالمِ سو بتایا ۔ مولوی صاحب نے بڑے صبر کے ساتھ پیار اور محبت سے اُسے سمجھایا کہ بڑی بڑی کتابوں میں یہ اور اس طرح کے سینکڑوں واقعات درج ہیں ۔یہ گڑی ہوئی کہانیاں نہیں ہیں ۔ بہرحال بات آئی اور گئی ۔
دوسرے دن وہ تقریباً آدھ گھنٹہ دیر سے دفتر پہنچا میں نے وجہ پوچھی تو کہا :
’’یار رات بھر ایک ہفتہ پہلے رلیز ہوئی تینوں فلمیں دیکھ لیں ، کیا بتائوں فلمیں ایسی تھیں کی نیند ہی غائب ہوگئی‘‘۔
سپوت
ملازم بننے کے بعد امجد نے اپنے والدین کو حج کرایا ۔ لیکن امجد کے اکثر رشتہ دار اس سے ناراض ہوئے کیونکہ یہ کرایہ کے مکان میں رہتا تھا ۔ کچھ نے تو اسے پاگل اور بے وقوف تک کہا۔ ایک دفعہ میں نے امجد سے اس کی وجہ پوچھی تو کہا :
’’ مکان میری ضرورت ہے لیکن حج بیت اللہ کرنا میرے معمر والدین کی دیرینہ تمنا تھی ۔ میرے ضمیر نے مجھے اسکی اجازت نہیں دی کہ میں اپنی ضرورت کووالدین کی جائز خواہش پر ترجیح دے دوں ‘‘۔
فقیرن
وہ خوبصورت بیوہ فقیرن ہر ایک حال پوچھنے والے سے کہتی کہ کاش کوئی مجھے اپنی بیوی بنالیتا ۔ شاید اسی لئے اکثر لوگ اُسے بے شرم عورت کہہ کر دھتکارتے اور کچھ دئے بغیراُلٹے پائوں لوٹنے کو کہتے ۔ چھوٹے بچے تک اُسے فقیرن کے بجائے گندی عورت کہہ کر پکارتے تھے ۔ ایک دفعہ میں نے اُس سے اس بارے میں پوچھا تو کہا ۔ مجھے شرم آتی ہے لیکن پھر بھی کہتی ہوں ۔
’’ بیٹی اور بہن کہہ کر میری غربت کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے دسیوں لوگوں نے میرے ساتھ وہی کیا جو مرد بیوی کے ساتھ کرتا ہے ۔ میں کسی کی حقیقی بیوی بننا چاہتی ہوں نام کے لئے بیٹی اور بہن نہیں ‘‘۔
گناہ اور حکمت
میں نے اپنی اہلیہ کو لاکھ سمجھایا کہ ٹرانسپیرنٹ کپڑے پہن کر باہر نہ نکلا کرے لیکن وہ کہاں مانتی۔ کہتی تھی میں تھوڑہی بدصورت ہوں جو اُس کو چھپانے کے لئے پردہ کروں ۔
آج میں نے سرینگر گھومنے کے لئے اُسے ساتھ لیا ۔ حسب معمول وہ بن سنور کرنکلی اور آج کچھ زیادہ …..میں نے بھی آج زندگی میں پہلی دفعہ راستہ میں ہر خوبصورت بے پردہ عورت کو جی بھر کر دیکھا …..رات کو میں نے اُسے منع کیا کہ میرا موڈ۔نہیں میںبسیار ہوں .. . دوسرے دن اُس نے شادی پر بنایا ہوا شرعی برقعہ الماری میں کپڑوںکے نیچے سے نکال کر کہا ۔ میں آپ کو کھونا نہیں چاہتی۔
موبائل نمبر؛7006785041
Contents