سرینگر//جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس نے ہی ریاست کے تینوں خطوں کی خواتین کو اونچا مقام دینے اور بااختیار بنانے میں کلیدی رول ادا کیا ہے۔ اسی جماعت نے جموں وکشمیر کی خواتین کو پنچایت راج میں 33فیصد ریزرویشن رکھی ہے اور نیشنل کانفرنس حکومت نے ہی میڈیکل سیٹوں میں 50فیصدنشستیں خواتین کیلئے مخصوص رکھنے اور خواتین کی بااختیاری کے ایسے ہی تاریخی اور انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ ان باتوں کا اظہار نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی صدر ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس نے جمعرات کو پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان خواتین کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے کے سلسلے میں کیا گیا تھا۔ اس موقعے پر پارٹی کی صوبائی صدر خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری بھی موجود تھیں۔ شمیمہ فردوس نے اپنے خطاب میں کہا کہ اس وقت جموں وکشمیر کے عوام ایک مشکل دور سے گزر رہے ہیں اور ہم اپنی ریاست کی وحدت، انفرادیت اور شناخت کو قائم و دائم رکھنے کیلئے میدانِ کارگزار میں برسرجہد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دفعہ35اے اور 370کی واپسی کیلئے کوئی بھی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں اور اس کیلئے گپکار الائنس کے اتحاد تلے متحدہ جدوجہد جاری ہے۔ شمیہ فردوس نے کہا کہ نئی دلی کو جموں وکشمیر کو اپنا آئین اور اپنا پرچم کسی بھی صورت میں واپس کرنا ہی ہوگا۔ انہوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والی خواتین پر زور دیا کہ وہ جموں و کشمیر کی تاریخ کا مطالبہ کریں تاکہ آپ کو معلوم پڑے کہ شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ اور اُن کی شریک حیات مادرِ مہربان بیگم اکبر جہاں نے اس مفلوک الحال قوم میں عزت نفس ، خود اعتماد اور خدا اعتمادی کا جذبہ پیدا کرنے کیلئے کتنی اَن تھک جدوجہد کی ہے۔ صوبائی صدر خواتین ونگ انجینئر صبیہ قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک تحریک ہی نہیں بلکہ ایک تاریخ ہے اور مجھے اُمید ہے کہ آپ قوم کی خدمت میں پیش پیش رہیں گے اور نیشنل کانفرنس کی مضبوطی کیلئے کام کریں گے۔ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں رابیہ یوسف(ایم اے، بی ایڈ)، عشرت مشتاق( ایم بی اے)، بسما حیات(ماس کام)، شریفہ (بی اے)، شاہین (بی اے)، رمسا (بی اے)، فبیہا (ایم بی اے)، تمنا( بے اے)، نصرینہ(ایم اے)، سبرینہ(ایم اے)، عرفانہ( ایم اے) اور شریفہ شیرا(ایم کام) شامل ہیں۔ پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم جموںوکشمیر کی اپنی آبائی جماعت میں شمولیت اختیار کررہے ہیں، جس جماعت کی جموں و کشمیر کے عوام کی زندگی بہتر بنانے کیلئے سنہری تاریخ موجود ہے اور یہی ایک واحد ایسی عوامی نمائندہ جماعت ہے جو یہاں کے عوام کے احساسات اور جذبات کی صحیح ترجمانی کرتی آئی ہے۔ دریں اثناء پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں نے پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی کیساتھ بھی ملاقات کی ۔ دونوں نے پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ مستقبل میں نوجوان ہی قوم کے معمار ہوتے ہیں اور آگے چل کر آپ کو قوم کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔