پونچھ //نیشنل کانفرنس پونچھ اکائی کا ایک وفد سابق ایم ایل اے اعجاز جان کی قیادت میں اضافی ضلع ترقیاتی کمشنرپونچھ عبدالستار سے ان کے دفتر میں ملازقی ہو۔ اس دوران انھوں نے عوام کو درپیش مختلف مسائل پر مشتمل ایک تحریری یاداشت ان کو پیش کی اور ان تمام مسائل کو حل کرنے کی اپیل کی۔اضافی ضلع ترقیاتی کمشنرنے وفد میں شامل تمام افراد کی بات بغور سنی جس کے بعد انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے مطالبات اعلیٰ حکام تک پہنچا کر ان کو حل کروایا جائے گا۔ بعد از آں اعجاز جان نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 370اور 35اے منسوخ کئے جانے کے بعد لگاتا عوام مسائل سے دوچار ہیں۔انھوں نے کہا کہ بے روزگاری اور مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے اوپر سے اب غریب لوگوں پر انتظامیہ کی جانب سے مزید بوجھ ڈالے جارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پونچھ میں پانی کی کوئی قلت نہیں ہے، قدرتی آبی ذخائر یہاں موجود ہیں اس کے باوجود اب دیہی علاقوں کے لوگوں کو پانی کے موٹے موٹے بل بھیجے جارے ہیں جو بند کئے جانے چاہئے ۔انھوں نے بجلی کے اضافی بلوں پر بھی محکمہ بجلی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو پہلے ایک سو روپئے بل آتا تھا اب ان کو پانچ سو ہزار روپئے کے بل آرہے ہیں ، جبکہ انھوںسڑکوں کی خستہ حالی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔انھوں نے کہا کہ وہ لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی اور پانی کے جائز کرائے مقرر کریں تاکہ غریب عوام کو راحت ملے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پونچھ حویلی حلقہ انتخاب کی تحصیل منڈی اور حولی کی اکثر سڑکوں کی خستہ حالت ہے جن کی مرمتی کی جانی چاہئے۔اس وفد میں نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر پونچھ باغ حسین راٹھو، نریندر سنگھ تلوار کے علاوہ دیگران بھی موجود تھے۔