سرینگر// شاہراہ کے بار بار بند ہونے سے پیدا شدہ صورتحال کاجائزہ لینے کے لئے صوبائی کمشنرکشمیر بصیر احمد خان نے ضلع ترقیاتی کمشنروں کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی جس میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی کا جائزہ لیا گیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ وادی بھرمیں اہم خدمات معمول کے مطابق جاری ہے اور ملازمین بھی باقاعدگی کے ساتھ ڈیوٹی پر حاضر ہور ہے ہیں۔تمام ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اپنی متعلقہ اضلاع میں مارچ کے مہینے کے لئے راشن اور دیگر غذائی اجناس کی اطمینان بخش فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی تاکہ لوگوں کو قومی شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔صوبائی کمشنر نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات کی راشننگ کے احکامات شاہراہ آئے دن بند رہنے کی وجہ سے جاری کئے گئے اور شاہراہ پر باقاعدہ نقل وحمل بحال ہونے کے بعد ہی راشننگ کے احکامات واپس لئے جائیں گے۔صوبائی کمشنر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریںاور پیٹرولیم مصنوعات کی قلت کی خبروں سے پریشانی میں مبتلا نہ ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نایابی کی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ وہ ایسی افواہوں کو نظر انداز کریں ۔ اس دوران صوبائی کمشنر نے تمام ضلع ترقیاتی کمشنروںکو افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ۔انہوںنے ترقیاتی کمشنروں پر عوامی درباروں اور سول سوسائٹی کی میٹنگوںکا انعقاد کرنے پر زور دیا تاکہ عوامی شکایا ت کوترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جاسکے ۔