سرینگر//ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی ، تحریک مزاحمت اور پیروان ولایت نے اشفاق مجید وانی، ڈاکٹر عبد الاحد گورو اور شبیر احمد صدیقی کو اُن کی برسیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فورسز گذشتہ تین دہائیوں سے جموں کشمیر کے اندر قتل و غارت گری میں مصروف ہیں لیکن اس کے باوجود نہ وہ آزادی پسند افراد کا خاتمہ کرسکی ہیں اور نہ کشمیر کی جد و جہد آزادی کو ختم کرنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔ ترجمان نے اشفاق مجید وانی، ڈاکٹر عبد الاحد گورو اور شبیر احمد صدیقی اور سندربنی راجوری میںجاں بحق کئے گئے چار افراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے جموں کشمیر میں دانشوروں اور قابل پیشہ وروں کو قتل کر ڈالا لیکن متنازعہ خطے کے اندرتحریک آزادی کا پرچم اس کے باوجود لہرا رہا ہے۔تحریک مزاحمت کے چیئرمین بلال احمد صدیقی نے اشفاق مجید وانی کو ان کی برسی کے موقع پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ اشفاق مجید وانی بلا کسی مبالغہ آرائی کے جموں کشمیر کی تحریک مزاحمت میں ایک ایسے مینارہ نور کی حیثیت رکھتے ہیں جو آزادی کے متوالوں کے قافلہ سخت جان کو ہر دور میں منور کرتی رہے گی اور انہیں جبر و ستم کے مقابل عزم و ہمت کے کوہ گراں بننے کی ترغیب دیتا رہے گا۔پیروان ولایت نے اشفاق مجید وانی، ڈاکٹر عبد الاحد گورو ، شبیر احمد صدیقی اورسندربنی راجوری میں جاں بحق ہوئے عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے ہاتھ بے گناہ نوجوانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ فورسز کشمیری قوم پر مظالم ڈھانے میں مشغول ہے لیکن زیادتیوں ،قتل و غارت گری اور گرفتاریوں سے کشمیریوں کو تحریک آزادی سے دستبردار نہیں کیا جاسکتا۔