عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پولیس نے اتوار کو کہا کہ انہوں نے چاڈورہ علاقے میں انسٹاگرام پر اشتعال انگیز اور غیر تصدیق شدہ ویڈیوز کو گردش کرنے پر ایک شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ایک ہینڈ آئوٹ میں، پولیس نے کہا کہ پولیس سٹیشن چاڈورہ کو اطلاع ملی کہ سہیل احمد بھٹ ولد نذیر احمد بھٹ، ساکن کٹھی پورہ چاڈورہ، نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر “ماسٹر الیکٹریشن” کے عنوان سے مشرق وسطی میں جاری صورتحال سے متعلق حالیہ احتجاج سے متعلق ویڈیوز اپ لوڈ کی ہیں۔ مبینہ طور پر ان ویڈیوز کا مقصد نوجوانوں اور عام لوگوں کو مشتعل کرنا تھا، جس سے امن عامہ کو ممکنہ خطرہ لاحق تھا۔اس طرح کے مواد کی گردش غیر ضروری خوف و ہراس پھیلانے، امن عامہ کو خراب کرنے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو بری طرح متاثر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔اسی مناسبت سے ایف آئی آر نمبر 23/2026 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس سٹیشن چاڈورہ میں درج کی گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔