نئی دہلی// اقتدار فریق نے 2019-20کے لئے جمعہ کو پیش کئے گئے بجٹ کو کسانی، غریبوں اور خواتین کو بااختیار بنانے کی سمت میں ایک بڑا قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں اس بجٹ سے ایک نئے روشن ہندوستان کا عروج ہوگا اور بنیادی ڈھانچہ مضبوط ہوگا نیز کسانوں اور غریبوں کو فائدہ ہوگا۔وزیر داخلہ امت شاہ، دیہی ترقی کے وزیر نریندر سنگھ تومر، انفارمیشن تکنالوجی اور قانون کے وزیر روی شنکر پرساد، وزیر ریلوے پیوش گوئل، کپڑا اور خواتین کی فلاح و بہبود کی وزیر اسمرتی ایرانی اور سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی سمیت کئی وزرااور لیڈروں نے وزیر خزانہ نرملا سیتارمن کے ذریعہ لوک سبھا میں پیش کردہ بجٹ پر اپنے ردعمل اس سلسلہ میں رائے ظاہر کی۔مسٹر شاہ نے کہاکہ اس بجٹ سے ملک کی ترقی کے لئے وزیراعظم کے نظریہ کا پتہ چلتا ہے جہاں کسان خوشحال ہوں، غریب پروقار زندگی گزار سکیں، درمیانہ طبقہ کو اپنی محنت کی مناسب ادائیگی ہو اور صنعتوں کو ترغیب ملے۔ آج کے بجٹ نے ہر شہری کے لئے پانی اور پورے ملک میں بجلی کا کنکشن یقینی بنانے اور مینوفیکچرنگ کو فروغ دینے کے ہمارے خواب کا پلیٹ فارم تیار کیا ہے۔ یہ مستقبل بجٹ ہے۔ اس میں صاف ستھری توانائی اور بغیر نقدی کے لین دین پر خصوصی زور دیا گیا ہے۔مسٹر جیٹلی نے بجٹ کے لئے وزیراعظم اور وزیر خزانہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ ترقی کی حوصلہ افزائی کرنے والے دستاویز کے علاوہ معیشت کے تمام شعبوں کے مفادات کو پورا کرنے والا ہے۔مسٹر پرساد نے مودی حکومت کی دوسری مدت کار کے پہلے بجٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ یہ بہت ہی تاریخی بجٹ ہے۔ یہ بجٹ ہندستان کو دنیا کی بڑی طاقت کے طورپر سامنے لایا ہے۔ ملک کو ایک ٹرلین ڈالر کا بنانے میں 55برس لگ گئے وہیں بی جے پی نے محض ایک برس میں اسے دو ٹرلین ڈالر کا بنا دیا اور آئندہ پانچ برسوں میں پانچ ٹرلین ڈالر پر لے جانے کا ہدف رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک کی پہلی کل وقتی خاتون وزیر خزانہ نے یہ بجٹ پیش کیا ہے جو فخر کا موضوع ہے۔اس بجٹ میں بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنانا، سرمایہ کاری، غریبوں، خواتین اور کسانوں کی فکر کی گئی ہے۔ مسٹرپرساد نے کہا کہ انہیں آئی ٹی وزیر ہونے کے ناطے بہت خوشی ہے کہ ڈیجیٹل ساکشرتا، ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچہ اور ملک کو ایک بہت بڑا مینوفیکچرنگ ہب بنانے کی بات کہی گئی ہے، یہ ایک مکمل بجٹ ہے۔