یواین آئی
بھوپال// وزیر اعظم نریندر مودی نے آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر آج دعویٰ کیا کہ ’’اب کی بار چار سو پار‘‘ کا نعرہ ہر جگہ سنائی دے رہا ہے اور یہ عوام کا خود کا نعرہ ہے۔ مودی نے ورچولی طور پر (ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے) شمولیت اختیار کرتے ہوئے مدھیہ پردیش میں 17 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھا اور افتتاح کیا۔ ان میں بنیادی طور پر ریل، سڑک اور آبپاشی کے منصوبے شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے بھگوان مہاکال کے شہر اجین میں قائم دنیا کی پہلی ‘ویدک گھڑی’ کا افتتاح کیا۔
اس پروگرام میں بھوپال سے گورنر منگو بھائی پٹیل اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو بھی جڑے۔اپنے خطاب میں مودی نے کہا کہ ’’اب کی بار چار سو پار‘‘ کا نعرہ ہر طرف سنائی دے رہا ہے۔ یہ نعرہ عوام نے خود بلند کیا ہے اور یہ جنتا جناردن کا نعرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام ’’مودی کی گارنٹی‘‘ پرمہر لگا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 15 لاکھ لوگ آج کے پروگرام میں ورچولی طور پر جڑے ہیں۔ اپنے خطاب کے آغاز میں مودی نے ڈنڈوری بس حادثے میں ہلاک ہونے والے مسافروں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی پرارتھنا بھی کی۔ مودی نے کہا کہ آج ہم “ترقی یافتہ ریاست سے ترقی یافتہ ہندوستان مہم” کے تحت مدھیہ پردیش کے ساتھ جڑ رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مدھیہ پردیش کے ہر لوک سبھا اور اسمبلی حلقہ میں لاکھوں دوست ترقی یافتہ مدھیہ پردیش کی قرارداد سے جڑے ہیں۔ ملک تب ترقی کرے گا جب ریاستیں ترقی کریں گی۔ اس قرارداد کے ساتھ مدھیہ پردیش بھی جڑ رہا ہے۔تاریخ کے شہر کے طور پر مشہور اجین میں قائم ویدک گھڑی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم وراثت اور ترقی کو ساتھ لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس کا ثبوت اجین میں نصب ویدک گھڑی ہے۔ ایک زمانے میں یہ شہر پوری دنیا کے لیے تاریخی اہمیت کا حامل تھا لیکن اب ہم نے ویدک گھڑی بھی لگا دی ہے۔مدھیہ پردیش میں ترقی کے میدان میں ہو رہے کام کا تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پینے کے پانی، سڑک اور آبپاشی کے منصوبوں کا کام تیز رفتاری سے جاری ہے۔