سرینگر//’اپنی پارٹی‘ سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ اسمبلی کا دفعہ370اور35اے کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ اپنی پارٹی کے دوسرے یوم تاسیس پر بخاری نے کہا کہ اسمبلی لوگوں مسائل صرف حل کرسکتی ہے،کوئی سیاسی مسئلہ حل نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا’’ سب لوگ جانتے ہیں،یہ لوگ جھوٹ بولتے ہیں،کیونکہ اسمبلی لوگوں کے روز مرہ کے مسائل،جن کی آج شنوائی نہیںہوتی، وہی حل کرسکتی ہے۔کل جب آپ کے نمائندے ہونگے،آپ کے ترقیاتی ضرورتوں کا ازالہ ہوگا، باقی کوئی سیاسی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔اپنی پارٹی سربراہ نے کہا کہ ہماری اسمبلی ہم کو ریاستی حیثیت بھی واپس تک نہیں کرسکتی،اس کی بحالی پارلیمنٹ اور مرکزی حکومت ہی کرسکتی ہے۔ بخاری کا کہنا تھا’’ انہوں نے اٹانومی کو پاس کرایا،پھر کیا اٹانومی ملی،یہ دھوکہ تھا،اور انہیں معلوم تھا،انہوں نے اقتدار تک نہیں چھوڑا‘‘۔ بخاری نے کہا کہ اگر یہ احتجاج کے طور پر اقتدار کو چھوڑتے تو سمجھا جاسکتا تھا کہ وہ مخلص ہیں‘‘۔‘انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات کا دفعہ370اور 35ائے کی واپسی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ بلاک ڈیولپمنٹ انتخابات کے دوران بھی انہوں نے کاکہا کہ وہ ریاست کی خصوصی حیثیت واپس لائیں گے،کیا وہ پھر واپس لائے؟۔ انہوں نے کہا کہ و ہ گپکار اعلامیہ کے خلاف نہیں ہیں تاہم ان کے جھوٹ کے خلاف ہے۔ گپکار اعلامیہ کے مشترکہ طور پر میدان میں آنے سے متعلق بخاری نے کہا کہ وہ بکھرا ہوا ٹولہ ہے،اور عنقریب ہی ایک دوسرے کے ساتھ دست گریباں ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا’’ گزشتہ برس وزیر اعظم کے ساتھ ملاقات کے دوران بھی انہوں نے علیحدہ علیحدہ بات کی اور علیحدہ علیحدہ بولی بولی۔ حدبندی کمیشن کی جانب سے کی گئی مشق پر انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی نے پلے ہی مسودے کو رد کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے تو کمیشن لوگوں کے پاس نہیں پہنچا اور دوسرا یہ غیر منطقی نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا’’ پیر پنچال کو جنوبی کشمیر کے ساتھ جوڑا گیا،مغل روڑ6ماہ بند رہتی ہے، تو پارلیمنٹ ممبر6ماہ تک دوسرے علاقے میں کس طرح جاسکتا ہے‘‘۔بخاری کا کہنا تھا کہ مرکزی سرکار سنجیدہ ہو یا نا ہو ،تاہم جموں کشمیر میں اداروں کی جمہوریت بحال کرنے کیلئے مرکزی زیر انتظام خطے کے لوگ سنجیدہ ہے،کیونکہ انکے مسائل کا ازالہ نہیں ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر کی بے روزگاری کو کم کرنے کیلئے اپنی پارٹی کے پاس نقشہ راہ ہوگا۔ بخاری نے کہا’’ الطاف بخاری جانتا ہے کہ بے روزگار کو کسی طرح کم کرنا ہے،کیونک الطاف بخاری نے صفر سے خود شروع کیا ہے،الطاف بخاری جانتا ہے کہ ملازم سے مالک کسی طرح بنایا جاتا ہے‘‘۔اس سے قبل سرینگر میں پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بخاری نے مارچ 2020 میں اپنی پارٹی کے قیام کا سبب بننے والے حالات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔