سرینگر// بی جے پی نے کہا ہے کہ جموں کشمیر میں اسمبلی حلقوں کی حد بندی کا عمل جاری ہے اور یہاں اسمبلی انتخابات بہت جلد کرائے جائیں گے۔ پارٹی کے جموں و کشمیر یونٹ کے جنرل سیکریٹری اور کشمیر امور کے انچارج وبودھ گپتا نے کہا ہے کشمیر میں ڈی ڈی سی انتخابات میں لوگوں کی بڑھ چڑھ کر شرکت کرنا بی جے پی کے کشمیر مشن کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ کنول کا پھول کشمیر میں جگہ جگہ پہنچ گیا ہے اور ہر پولنگ بوتھ پر ہمارا ایجنٹ بیٹھا ہوا ہے یہی ہماری جیت ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی کے گھر واقع بجبہاڑہ میں بھی انتخابی ریلی نکالی جس میں مودی زندہ باد کے نعرے لگائے گئے اور ترنگے بھی اٹھائے گئے ۔موصوف نے یہ باتیں ایک ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کے دوران کہیں۔۔انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں جو ووٹ پڑے وہ پاکستان، علیحدگی پسندوں اور جنگجوؤں کے خلاف پڑے ۔ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابی حلقوں کی حد بندی کا عمل تیزی سے جاری ہے اور یہاں اسمبلی انتخابات بھی بہت جلد ہوں گے ۔انہوں نے کہا’’30 برسوں میں پہلی بار کشمیر میں لوگ منفی درجہ حرارت کے باوجود ووٹ ڈالنے کے لئے نکل رہے ہیں، یہ کشمیریوں کا پوری دنیا کے ساتھ ساتھ علیحدگی پسندوں، پاکستان اور جنگجوؤں کے نام ایک پیغام ہے کہ اب وہ علیحدگی پسندوں اور جنگجوؤں کو برداشت نہیں کریں گے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ ڈی ڈی سی انتخابات میں لوگوں کا بڑھ چڑھ کر حصہ لینا مودی کے کشمیر وژن اور بی جے پی کے کشمیر مشن کا نتیجہ ہے اور یہ ہمارے سینکڑوں کارکنوں کی محنت کا بھی ثمر ہے ۔موصوف کا کہنا تھا’’ہم کشمیر میں بھی کامیاب ہوچکے ہیں، ہمارے مقابلے میں گپکار الائنس بن گیا ،جو ہماری جیت ہے کیونکہ ان لوگوں کو ہماری طاقت کا اندازہ ہوگیا ہے اسی لئے الیکشن لڑنے کے لئے اکٹھے ہوگئے ‘‘۔