عظمیٰ نیوز سروس
اونتی پورہ// اسلامک یونیورسٹی نے جموں و کشمیر سکل ڈیولپمنٹ مشن (JKSDM) کے ساتھ مل کر طلباء کی مشاورتی پروگرام کا انعقاد کیا۔ یہ تقریب ایک وسیع تر پہل کا حصہ تھی جس میں مختلف تنظیموں کے ساتھ بات چیت شامل تھی تاکہ ایک جامع مہارت کے فرق کو پورا کیا جا سکے۔ پروگرام میں مختلف شعبہ جات کے طلباء نے حصہ لیااور اسکل گیپ اور یوتھ اسپائریشن سروے پر فیڈ بیک فراہم کیا۔ طلباء کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ اپنی خواہشات کا اشتراک کریں اور ان علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں انہوں نے محسوس کیا کہ ازالے کی حکمت عملی وضع کرنے کیلئے اضافی تربیت کی ضرورت ہے۔یہ پروگرام ڈین آف اسٹوڈنٹس ڈاکٹر آصفہ بابا کے زیراہتمام منعقد کیا گیا تھا جنہوں نے اس موقع پر کہا کہ IUST جموں و کشمیر کے نوجوانوں کو ہنر فراہم کرکے بااختیار بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر پروفیسر شکیل احمد رومشو نے طلباء کو صنعت کیلئے تیار کرنے کیلئے نصاب کی ترقی، صنعتی تربیت اور انٹرن شپ وغیرہ کیلئے صنعتی مشغولیت کو ترجیح دی ۔