عظمیٰ نیوزسروس
جموں//سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے رشوت ستانی کے ایک مقدمے میں جموں و کشمیر محکمہ تعمیرات عامہ کے ایک اسسٹنٹ انجینئر کو گرفتار کیا ہے، جو پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت تعینات تھا۔سی بی آئی کے مطابق اس معاملے میں 16 جولائی 2026 کو شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا۔ شکایت میں الزام عائد کیا گیا کہ ڈوڈہ ضلع میں ٹھاٹھری سے کتھاوا کو جوڑنے والی پی ایم جی ایس وائی سڑک کی تعمیر کے دوران شکایت کنندہ کے مکان کو نقصان پہنچا، جس کے عوض وہ تقریباً 10 لاکھ روپے کے معاوضے کا حقدار تھا۔شکایت کے مطابق مذکورہ اسسٹنٹ انجینئر نے معاوضے کی فائل پر کارروائی اور رقم جاری کرنے کے لیے 50 ہزار روپے رشوت طلب کی۔ بعد ازاں بات چیت کے بعد رشوت کی رقم 30 ہزار روپے پر طے ہوگئی۔سی بی آئی نے 16 جولائی 2026 کو جال بچھا کر کارروائی کی اور ملزم کو شکایت کنندہ سے 30 ہزار روپے رشوت طلب کرتے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔سی بی آئی کے مطابق اس مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔