نئی دہلی//یو این ائی// ہندستان میں پوٹاش پر مبنی کھاد کی فراہم کو بڑھانے کے لئے اسرائیل سے میوریٹ آف پوٹاش (ایم او پی) خریداری کے لئے چھ سالہ معاہدہ پر دستخط کئے گئے ہیں۔ اس کے تحت ہندستان کو وہاں سے 2027تک ہر سال ساڑھے چھ لاکھ ٹن ایم او پی ملے گا۔کیمیکل اور کھاد کی مرکزی وزارت کے پیر کو جاری ایک بیان کے مطابق انڈین پوٹاش لمیٹڈ (آئی پی ایل) نے یہاں کیمیکل اور کھاد کے مرکزی وزیر ڈاکٹر منسکھ مانڈویا کی موجودگی میں اسرائیل کیمیکلس لمیٹڈ(آئی سی ایل) کے ساتھ 2022سے 2027کی مدت میں میوریٹ آف پوٹاش (ایم او پی) کی سپلائی کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔وزارت نے کہاکہ یہ معاہدہ ملک میں ایم او پی کی دستیابی بڑھانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے اور یہ زرعی پیداوار کو فروغ دے گا اور ہماری کاشتکار کمیونٹی کی زندگی میں بہتری لائے گا۔ کیمیکل اور کھادکے وزیر ڈاکٹر مانڈویا نے کہاکہ ہندستان میں زراعت کے شعبہ میں کافی امکانات موجود ہیں اور یہ تعاون اور اختراع کے لئے کافی مواقع فراہم کرتا ہے ۔ اس کے تحت سالانہ چھ سے 6.5لاکھ ٹن ایم او پی حاصل ہوگا۔