یو این آئی
بیروت// لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیل کی طرف سے کئے گئے فضائی حملوں میں 13 افراد ہلاک اور 36 دیگر زخمی ہو گئے ۔لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی (این این اے ) نے اطلاع دی ہے کہ لبنان کے پہاڑی ضلع جبل الشوف کے شہر برجا میں ایک تین منزلہ رہائشی عمارت کو نشانہ بنانے والے اسرائیلی فضائی حملے میں چار افراد ہلاک اور 14 دیگر زخمی ہو گئے ۔ عمارت تباہ ہو گئی جبکہ پڑوسی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔این این اے نے بتایا کہ زخمیوں کو سرکاری اسپتال لے جایا گیا ہے ۔ این این اے کے مطابق اسرائیل نے کوہ لبنان کے گاؤں معیصرہ میں ایک اور عمارت کو نشانہ بناتے ہوئے فضائی حملے کیے جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے ۔این این اے نے بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ نے شمالی گورنری کے ضلع البترون کی میونسپلٹی دیر بیلاَ پر بھی حملہ کیا، جس میں چار افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ۔ادھر لبنان کے فوجی اور شہری دفاع کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کو بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے ہفتے کی شام جنوبی شہر النبطیۃ کے تجارتی بازار کے مرکز پر حملہ کیا جس میں پانچ افراد زخمی اور 30 ہلاک ہو گئے ۔100 سے زائد دکانیں تباہ ہو گئیں۔ فوجی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے مشرقی لبنان کے علاقے بعلبک کے کئی قصبوں اور گاؤوں پر سلسلہ وار فضائی حملے کیے جس سے بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔