قاہرہ//اسرائیل کے مغربی کنارے پر دو فوجی اہلکاروں کو تھپڑ مارنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر الزامات کا سامنا کرنے والی فلسطینی لڑکی احد تمیمی کا بند کمرے میں فوجی ٹرائل کا آغاز ہوگیا۔اطلاعات بکے مطابق ٹرائل کے دوران جج نے حکم دیا کہ تمام صحافی کمرہ عدالت سے باہر نکل جائیں کیونکہ لڑکی کی عمر 17 سال ہے اور کھلی عدالت میں سماعت اس کے لیے ٹھیک نہیں ہوگی۔کمرہ عدالت میں ٹرائل کا مشاہدہ کرنے کے لیے موجود سفارت کاروں سے بھی باہر جانے کی درخواست کی گئی جبکہ صرف لڑکی کے اہل خانہ کو کمرہ عدالت میں موجود رہنے کی اجازت دی گئی۔واضح رہے کہ فوجی عدالت میں اس طرح کے نابالغوں کے ٹرائل کو عام طور پر بند کردیا جاتا ہے لیکن احد تمیمی کی وکیل گیبی لیسکے کا کہنا تھا کہ لڑکی کی گزشتہ سماعتیں کھلی عدالت میں تھی اور اس نے اسی طریقہ کار کو جاری رکھنے کا کہا تھا۔اس بارے میں احد تمیمی کی وکیل گیبی لیسکے نے جج کے فیصلے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ فوجی عدالت سے باہر لوگ احمد تمیمی کے کیس میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔