سرینگر //پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن نے ایس ڈی ایم اننت ناگ کی طرف سے ایک استاد پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے افسر کے خلاف سخت سزا کا مطالبہ کیا ہے ۔ایسوسی ایشن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انتظامیہ کے کچھ افسر بغیر کسی خوف اور جواب دہی کے ملازمین کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ایسوسی ایشن کے صدر جی این وار نے کہا کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں اور اُن کی پوزیشن معاشرے میں مقدس ہے لیکن کشمیر میں اُن پر حملے کرنے کے علاوہ انہیں ہراساں کیا جاتا ہے ۔انہوں نے ایسے افسران کے خلاف انتظامیہ کو کاروائی عمل میں لانی چاہئے تاکہ آئندہ کوئی ایسی جرات نہ کرے ۔ایسوسی ایشن نے کہا کہ یہ واقعات صرف ایک بار پیش نہیں آئے بلکہ بار بار پیش آنے والی ایک سازش کا حصہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف انتظامیہ کے افسران بلکہ پولیس بھی اساتذہ کو ہراساں کرتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ سوپور میں بدترین صورتحال ہے جہاں کوچنگ سنٹروں اور پرائیویٹ سکولوں میں اساتذہ کو چھاپہ مار کاروائیوں کے دوران ہراساں کیا جارہاہے ۔ایسوسی ایشن نے ان واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں کارگر اقدمات کریں تاکہ مستقبل میں ایسا کرنے کی کوئی جرات نہ کرے۔