سرینگر/ محکمہ آب رسانی(جل سکتی) پروجیکٹوں کیلئے زمین وقف کرنے والے لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے دھمکی دی کہ اگر انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو6 جولائی کو پروجیکٹوں کو مقفل کریں گے۔ پریس کالونی میں پی ایچ ای محکمہ کے پروجیکٹوں کیلئے اراضی وقف کرنے والے لوگ نمودار ہوئے اور نعرہ بازی کی۔ اراضی وقف کرنے والے لوگوں نے بتایا کہ انہوں نے سرکارکو مختلف پروجیکٹوکی تعمیر کیلئے اراضی وقف کی ہے،جبکہ محکموں نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ اراضی وقف کرنے کیلئے انہیں یا انکے نزدیکی رشتہ داروں کو محکموں میں تعینات کیا جائے گا،تاہم حال ہی میں جو ایس آر ائو منظر عام پر آیا،وہ انہیں ان محکموں میں تعیناتی کرنے سے محروم کرتا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ آب رسانی(پی ایچ ای) میں587لوگ اراضی وقف کرنے کی پاداش میں انہیں تعینات کرنے کے منتظر ہیں،جبکہ اسی محکمے میں اسی پالیسی کے تحت پہلے ہی861امیدواروں کو تعینات کیا گیا ہے۔احتجاجی اراضی مالکان نے ان پروجیکٹوں کو مقفل کرنے کی دھمکی دی،اگر انہیں نئی پالیسی کے دائرے میں نہیں لایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں زمین کے بد لے کوئی معاوضہ نہیں ملا ہے اور نہ ہی نوکری بلکہ معاہدے کے تحت ہم سے یہ وعد ہ کیا گیا تھا کہ ہمیں محکمہ میں ملازمت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ ہماری اراضی پر قبضہ کرتے ہوئے محکمہ کو کئی سال گزر چکے ہیں ، لیکن آج تک ایک بھی شخص محکمہ میں بھرتی نہیں کیا گیا ، جو محکمہ کی طرف سے معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔مظاہرین نے متنبہ کیا کہ اگر ان کے مطالبات کو فوری طور پر پورا نہیں کیا گیاتو وہ 6 جولائی کو پروجیکٹوں کو مقفل کرکے پانی کی سپلائی روک دیں گے۔