اراضی ریکارڈ کے نظام’ آپکی زمین آپکی نگرانی‘ کا آغاز

 
سرینگر// حکومت نے جموں کشمیر میں اراضی ریکارڈ معلوماتی نظام کے تحت’آپ کی زمین آپکی نگرانی‘ رابطہ گاہ کا قیام عمل میں لایا تاکہ آن لائن طریقہ کار پر اراضی ریکارڈ تک رسائی حاصل ہوسکے۔ حکومت کی جانب سے محکمہ مال کے کمشنر سیکریٹری وجے کمار بدوری نے ایک سرکیولر جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کو دیگر اراضی سے متعلق معلومات آن لائن طریقہ پر رسائی حاصل ہوگی،جبکہ اس کو آپس میں جوڑ دیا گیا ہے۔ سرکیولر میں کہا گیاہے کہ ارضی ریکارڈ تک رسائی کی سہولیات کیلئے محکمہ مال کے تمام افسران، سب ڈویژنل مجسٹریٹ و نیابتیں،بلاک ڈیولپمنٹ افسران،پنچایت گھرئوں اور سی ایس سی مراکز نوڈل پوائنٹس ہونگے۔ سرکیولر میں ضلع ترقیاتی کمشنروں کو اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ان نوڈل پوائنٹوں پر معقول کونٹروں کا قیام عمل میں لاکر معقول عملے کو تعینات کرے،جبکہ آن لائن پورٹلوں سے متعلق اضلاع میں بیداری مہم بھی شروع کی جائے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے’’ پورٹلوں پر شہریوں کی جانب سے درج شکایت کا ڈپٹی کمشنر وں کی جانب سے  ہفتہ وار بنیادوں پر انتظامی سیکریٹریوں کی جائزے کے ساتھ معیاد بند مدت کے دوران ازالہ کریںگے۔ تمام تحصیلداروں سے تاکید کی گئی ہے کہ ان کیلئے آن لائن پورٹلوں پر ’لاگ ان ‘ کرنا اور اپنے دائرہ حدود میں جمعبندی، گرداواری،موسوی ،انتقال کا’آپ ڈیٹ‘  اور صورتحال کا مشاہدہ کرنا لازمی ہوگا،اور پورٹل پر دستیاب ریکارڈ ،اس کی دستیابی کی مدت اور پورٹل پر عدم دستیاب ریکارڈ یا پورٹل پر اپ ڈٰیٹ نہ کیا گیا ریکارڈسے متعلق سرٹیفکیٹ کو مرتب کرکے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو پیش کرنا ہوگا،جو بعد میں انہیں انتظامی سیکریٹریوں کے ساتھ اشتراک کریں گے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ یہ معلومات پٹوار حلقہ کی بنیادوں پر ہونی چاہے،جس پر متعلقہ پٹواری،گردوار، نائب تحصیلدار،تحصیلدار کا نام، عہدہ اور تاریخ درج ہونا چاہیے جبکہ اس کی توثیق متعلقہ ایس ڈی ایم یا اسسٹنٹ کمشنر مال کی جانب سے ہونی چاہیے۔ادھرلیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی والی انتظامیہ نے جموں کشمیر میں ریوینو کورٹ کیسوں کے نگرانی نظام کو لاگو کرنے کا فیصلہ لیاہے۔ سرکار کا کہنا ہے کہ شکایتوں کا تیزی کے ساتھ ازالہ کرنے اور آن لائن رسائی سہولیات کی فراہمی کیلئے محکمہ کی سرگرمی کو ان ترجیجات تک پہنچانا لازمی بن گیا ہے۔ جاری سرکیولر میں کہا گیا  ہے کہ ریوینو عدالتوں میں کام کاج کو آن لائن یا ای آفس میں تبدیل کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس کیلئے تمام پریذائڈنگ افسران کو  اپنے حدود میں آنے والی ریوینو عدالتوں سے متعلق کیسوں کی نظارت نظام کے نفاذ اور مواصلاتی مسائل کیلئے ’این آئی سی و انتظامی محکمہ کے ساتھ روابط کیلئے نوڈل افسران نامزد کیا گیا ہے۔
 
 
 

 محکمہ دہی ترقی کے مقامی افسران

ترقیاتی کاموں کیلئے15لاکھ خرچ کرنیکا اختیار عطاء

بلال فرقانی
 
سرینگر// جموں و کشمیر انتظامیہ نے پیر کو دیہی ترقی کے محکمے کے افسران کو 15 لاکھ روپے تک کے ترقیاتی کاموں کے لیے انتظامی منظوری دینے کا اختیار دیا۔سرکار کی جانب سے جاری ایک نوٹیفکیشن  کے مطابق’’جموں و کشمیرکے لیفٹیننٹ گورنر نے ترقیاتی کاموں کی انتظامی منظوری دینے کے لیے اپنے مالی اختیارات محکمہ دیہی ترقی کے حکام کو سونپے ہیں۔جموں و کشمیر تنظیم نو قانون کے دفعہ 67 کے تحت اختیارات تفویض کیے گئے ہیں-نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر 15 لاکھ روپے تک کے کاموں کی انتظامی منظوری دے سکتے ہیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ اور ڈسٹرکٹ پنچایت آفیسر بالترتیب 10 لاکھ اور پانچ لاکھ روپے تک کے کاموں کی انتظامی منظوری دے سکتے ہیں۔بلاک ڈیولپمنٹ افسرکو دو لاکھ روپے تک کے کاموں کے لیے انتظامی منظوری دینے کا اختیار دیا گیا ہے۔ آرڈر میں مزید کہا گیا ہیں’’یہ افسران  بجٹ کے سرما یہ اخراجات ومحصولات کے تحت منظور شدہ کاموں اور دستیاب رقومات کی شرط پر انتظامی منظوری دیں سکتے ہیں‘‘۔