مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے مختلف علاقوں میں زمینی تنازعے کو لے کر ہوئی لڑائیوں میں 5خواتین سمیت 16افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں معاملات درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔سب ڈویژن کے بھاٹی دھار علاقہ میں ہوئی لڑائی کی وجہ سے 2خواتین سمیت 3افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں جن کو علاج معالجہ کیلئے مینڈھر ہسپتال منتقل کیا ۔اس دوران شدید زخمی ایک فرد کو ابتدائی مرحم پٹی کرنے کے بعد گور نمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر دو خواتین کا مینڈھر سب ڈسٹر کٹ ہسپتال میں ہی علاج معالجہ کیاجارہاہے ۔اس لڑائی کے سلسلہ میں مینڈھر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے سابقہ سب انسپکٹر اور ایک ڈیلر سمیت 3افراد کو گرفتار بھی کرلیا ہے جبکہ واقعہ میں ملوث دیگر کچھ افراد موقعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں تاہم پولیس نے ان کی تلاش شروع کر دی ہے ۔اسی طرح مینڈھر کے سلواہ علاقہ میں زمینی تنازعہ کو لے کر دو گروپوں میں ہوئی لڑائی کی وجہ سے 4افراد زخمی ہوگئے ہیں جن کو علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔اسی طرح سب ڈویژن کے گوہلد علاقہ میں اراضی تنازعہ پر ہوئی لڑائی کی وجہ سے 9افراد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ پولیس نے اس سلسلہ میں تحقیقاتی عمل شروع کر دیا ہے ۔