جموں //حکام نے پیر کے روز بتایا کہ اودھم پور جیل میں 72 قیدیوں کے کوویڈ 19 کے ٹیسٹ مثبت آگئے ہیں۔ادھم پور جیل سپرانٹنڈنٹ ، ہریش کوتوال نے میڈیا کوبتایا کہ گذشتہ روز قیدیوں کے نمونے اکٹھے کئے گئے اور 479 قیدیوں میں سے 72 کوویڈ 19 کے لئے مثبت پائے گئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اتوار کے روز ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ (RAT) ٹیسٹ کے ذریعے ان معاملات کا پتہ چلا۔کوتوال نے مزید کہا کہ جیل میں پہلے ہی احتیاطی اقدامات کئے جاچکے ہیں جبکہ ادویات اور دیگر متعلقہ چیزیں کافی حد تک جیل میں دستیاب ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ جن قیدیوں کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ان میں 2خواتین قیدی بھی ہیں۔اسکے علاوہ جیل میں موجود عملہ کے 7اراکین بھی مثبت پائے گئے ہیں۔