بانہال//اتوار کی شب بارشوں کی وجہ سے ادہمپور اور سمرولی کے درمیان ٹولڈی نالہ کے مقام پر پیر کی علی الصبح بھاری پتھر شاہراہ پر گر آئے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت کئی گھنٹوںتک بند رہی۔ رام بن اور بانہال کے درمیان جموں سرینگر شاہراہ کے کئی مقامات پر شدید ٹریفک جام کا سلسلہ اتوار کی رات سے جاری ہے اور پیر کو بھی گاڑیوں کی نقل و حرکت نہایت ہی سست رفتاری کا شکار رہی اور مکرکوٹ بانہال اور ناشری ٹنل کے آرپار کئی کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والا ٹریفک جام رہا ۔مگر کوٹ رام بن کے مقا م پر پتھروں کے گرنے کا سلسلہ پیر کو بھی جارہی رہا۔اس دوران منتھل ٹکری ضلع ادہمپور میں پہاڑی سے گرتے پتھر دو گاڑیوں کو جا لگے تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا۔ایس ایس پی ٹریفک نیشنل رام بن شبیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بارشوں کی وجہ سے پیر کی صبح سے ہی سمرولی ادہمپور اور مکرکوٹ رام بن کے مقام پر پتھر اور پسیاں گر آئیں جس سے شاہراہ پر وادی سے جموں کی طرف ٹریفک بند ہوااور گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے روز کئی بار پتھر گرنے سے ٹریفک روک دینا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ مگرکوٹ کے متاثرہ مقام پر سڑک یکطرفہ ٹریفک کے ہی قابل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتوار سے پیر کی شام تک دس ہزار کے قریب ٹرکوں نے جموں کا سفر کیا جو پچھلے کئی روز سے کشمیر میں درماندہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ موسم اور سڑک کی بہتر صورتحال کے پیش نظر منگل کے روز جموں سے سرینگر کی طرف ٹریفک کو چلنے کی اجازت ہوگی۔