جموں//ادہم پور سے 20کلو میٹر دور رام نگر روڈ پر ایک مسافر بس گہرے نالہ میں جا گری جس کے نتیجہ میں کم از کم 2افراد ہلاک جب کہ 53دیگر زخمی ہو گئے ، ان میں سے 3کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے ۔ مہلوکین کی شناخت کرشن لال ولد سندوکھو رام ساکن ماڑتہ رام نگر اور محمد ہارون ولد نصیر محمد ساکن کونالہ کے طور پر کی گئی ہے ۔ چیف میڈیکل آفیسر ادہم پور ڈاکٹر کے سی ڈوگرہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 42زخمیوں کو ضلع ہسپتال ادہم پور جب کہ 11دیگر کو رام نگر ہسپتال میں بھرتی کروایا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 3شدید زخمیوں کو ملٹری ہسپتا ل ادہم پور ریفر کیا گیا جب کہ دیگر 39زخمی جو ضلع ہسپتال میں زیر علاج ہیں، کی حالت مستحکم بنی ہوئی ہے ۔ سی ایم او موصوف نے کہا کہ رام نگر ہسپتال میں بھرتی 11میں سے 8افراد کو بنیادی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے جب کہ 3افراد ہنوز زیر علاج ہیں۔