جموں/ خزانہ، تعلیم اور محنت و روزگارکے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے اساتذہ پر زور دیا ہے کہ وہ سکولوں میں صبح کی اسمبلی کے دوران اخلاقیات سے متعلق درس دینے کی روایات کو دوبارہ بحال کریں تاکہ سماج کو مادہ پرستی سے پڑنے والے مضراثرات سے بچایا جاسکے۔دومانہ میں حال ہی میں قائم کئے گئے ایک نجی سکول کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر موصوف نے کہاکہ اخلاقیات کو معمول کی تدریسی سرگرمیوں کا ایک حصہ بنایاجانا چاہیئے تاکہ اچھی افرادی قوت تیار کی جاسکے۔سنت گوروبخش سنگھ دانا میموریل انٹرنیشنل نامی یہ سکول ایس جی ایس ڈی ٹرسٹ کی طرف سے قائم کیا گیا ہے اور یہاں بچوں سے سالانہ چار ہزار روپے کی فیس وصول کی جائے گی۔وزیرنے ٹرسٹ کو حکومت کے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تاکہ وہ بہتر طریقے پر لوگوں خی خدمت کرسکیں۔ایم ایل اے سکھ نندن چودھری ، ایم ایل سی ایس چرنجیت سنگھ خالصا ، ناظم تعلیم جموں راکیش کمار ، سنگھرال ، چیئرمین جے اینڈ کے گرودوارہ پربندھک بورڈ ایس تیجندر سنگھ کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات بھی اس موقعہ پر موجود تھیں۔