ترال //جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال کے ہفو نگین پورہ گائوں میں سنیچر کی صبح ایک شہری درخت سے گر کر لقمہ اجل بن گیا ہے۔جبکہ ستورہ ترال میں اسی طرح کے ایک واقعے میں ایک نوجوان اخروٹ کے درخت سے گر کر شدیدزخمی ہوا ۔50سالہ بشیر احمد بٹ ولدغلام قادر بٹ ساکن نگین پورہ ترال اخروٹ کے درخت سے اخروٹ اتار رہا تھا، جس دوران ان کا پیر پھسل گیا اور وہ درخت سے گر پڑا ۔ اسے اگر چہ فوری طور پرہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی ہے تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا ۔ ادھرستورہ ترال میں بھی ایک نوجوان شکیل احمد بٹ ولد محمد مقبول بٹ درخت سے گر کر شدید زخمی ہوا ہے جس کو فوری طور ہسپتال منتقل کیا گیا ،جہاں وہ زیر علاج ہے ۔ترال میں گزشتہ4روز کے دوران یہ تیسرا واقعہ ہے جس میں2افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں ۔اسے قبل لام ترال میں ایک شہری بھی اسی طرح کے واقعے میں لقمہ اجل بن گیا ۔جمعہ کو ضلع اننت ناگ کے انڈو نوگام شانگس علاقے میں 40سالہ شخص فاروق احمد میر ولد غلام محمد میر شدید زخمی ہوا جس کو فوری طور پر سب ڈسٹرکٹ ہسپتال شانگس پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قراردیا ۔ 14ستمبر کو اسی طرح کے ایک واقعے میں اوڑی میں 55سالہ شخص غلام محمد اخروٹ کے درخت سے گر کر لقمہ اجل بن گیا ۔ 11ستمبر کو ہندوارہ کے آہگام راجواڑ میںنذیر احمد بٹ درخت سے گرکر لقمہ اجل بن گیا تھا ۔ اننت ناگ میں ایک اور شخص اس سے پہلے درخت سے گر کر لقمہ اجل بن گیا تھا اور اس طرح سے اب تک اخروٹ کے درختوں سے گرکر مرنے والوں کی تعداد چار ہوگئی ہے ۔