جموں//ریاست میں پر نٹ اور الیکٹرانک میڈیا کو مناسب مالی فوائد فراہم کرنے کے سلسلے میں حکومت کی طرف سے لئے گئے ایک اہم فیصلے کے تحت یہ بات واضح کی گئی ہے کہ اشتہارات پر جی ایس ٹی متعلقہ سرکاری یا نجی ادارے ہی ادا کریں گے اور یہ رقم متعلقہ میڈیا کی طرف سے مقرر کی گئی اصل اشتہاری شرح سے علاوہ ہوگی۔یہ حکم نامہ محکمہ خزانہ کے پرنسپل سیکرٹری نوین کمار چودھری نے جاری کیا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پرنٹ میڈیا میں اشتہاری سپیس کو بیچنے کے لئے جی ایس ٹی کی دو سلیبس(Slabs) رائج العمل ہیں۔ جی ایس ٹی کی5 فیصد شرح سرکاری اشتہارات پر محکمہ اطلاعات کے ذریعے وصول کی جاتی ہے جبکہ18 فیصد تبھی وصول کرنا ہوگا اگر اشتہاری ایجنسی پر سپیس کمیشن بنیادوں پر بحیثیت ایجنٹ بیچ رہا ہو۔کمرشل ٹیکسز محکمہ کے مطابق محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری کئے گئے حالیہ حکم نامہ کے مطابق حکومت کو بطور5 فیصد جی ایس ٹی محکمہ اطلاعات کو اضافی1.75 کروڑ روپے فراہم کرنے ہوں گے تا کہ وہ رقم اخبارات میں تقیسم کی جاسکے۔ یہ رقم2018-19 کے مالی سال کے اشتہاری بجٹ کے35 کروڑ روپے کے علاوہ ہوگی۔حالیہ حکم نامہ محکمہ خزانہ نے وزیر خزانہ، تعلیم، محنت و روز گار سید محمد الطاف بخاری کی کشمیر ایڈیٹرس گلڈ کے ساتھ پچھلے منعقدہ میٹنگ کے فوراً بعد جاری کیا تھا۔ گلڈ کی قیادت فیاض احمد کلو اور ایڈیٹرس گلڈ جموں کی قیادت اے کے ساہنی کر رہے تھے۔ایڈیٹروں نے وزیر موصوف سے مداخلت کی درخواست کی تھی۔