سرینگر// حریت(گ)نے اخبارات پر اقتصادی کریک ڈاؤن اور اس سے وابستہ افراد کو ہراساں کرنے کی مذمت کی ہے۔ایک بیان میں حریت (گ) نے کہا ہے کہ یہاں کے عوام نے جن سیاستدانوں کو اپنے کھندھوں پر بٹھایا، اقتدار اور جاہ و حشمت کی لالچ میںلوگوں کے جذبات ، احساسات، امنگوں اور آرزوئوں کے ساتھ وفا نہیں کیااور حالات کے رحم و کرم پر چھوڑدیا۔ بیان میں کہاگیا کہ سیاستدانوں کی وجہ سے یہاں کی چوتھی نسل عذاب میں مبتلا ہے اور یہاں ہر شعبہ ہائے زندگی کو اسی سیاسی غیر یقینیت کے دھیمک نے اندر سے کھوکھلا بنادیا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ اخباروں پر حالیہ قدغن کا اسی استحصالی عمل کا تسلسل ہے اور پریس اور میڈیا کو جمہوریت کا چوتھا ستون کہنے والے خود اس ستون کو کمزور کرنے کیلئے جمہوریت کو استعمال کرتے ہیں۔ بیان میں کہاگیا کہ یہاں کے ہر ادارے اور مکتب فکر کی طرح میڈیا سے وابستہ لوگوں کو دوہری تلوار کا سامنا کرنا پڑا۔بیان میں کہاگیا کہ ہر طاقتور فرد اور ادارے نے دھونس اور دباؤ کا ہتھیار استعمال کرکے کبھی حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش کی تو کبھی واقعات کی من مانی تشریح منظر عام پر لانے کے لیے اسی میڈیا کا سہارا لیا۔ بیان میں کہاگیا کہ انتہائی نازک اور نامساعد حالات میں یہاں کے میڈیا نے مجموعی طور حق وصداقت کو پیشہ ورانہ دائرے کے اندر رہتے ہوئے عوام تک پہنچانے کی مقدور بھر کوشش کیہے۔حریت (گ)نے اسیران زندان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسیران کو انصاف نہیں مل رہا ہے اور پی ایس اے عائد کرکے جیل بھیج دیا جاتا ہے جہاں ان کو قواعد و ضوابط کے تحت سہولیات میسر نہیں کی جارہی ہیں۔