اجمیر// اقلیتی امور کے مرکزی وزیر اور راجیہ سبھا میں ڈپٹی لیڈر مختار عباس نقوی نے اتوار کو درگاہ اجمیر شریف میں خواجہ معین الدین چشتی کے 810ویں سالانہ عرس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی کی چادر پیش کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کا صوفیاء، سنتوں کی روایات اور سماج کو بااختیار بنانے کا واحد نظریہ ہی ہندوستان کو وشو گرو بنانے کا ایک مضبوط منتر ہے۔ ساتھ ہی ساتھ نقوی نے بڑی تعداد میں موجود سماج کے تمام طبقات کے لوگوں کو وزیر اعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔ وزیر اعظم کے ذریعہ بھیجی گئی چادر کا وہاں موجود لوگوں نے پورے احترام کے ساتھ استقبال کیا اور خواجہ غریب نواز کے دربار میں پیش کی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی کے 810ویں عرس کے موقع پر دنیا بھر میں ان کے پیروکاروں کو دلی مبارکباد اور نیک خواہشات ۔ دنیا کو انسانیت کا درس دینے والے عظیم صوفی سنت کے عرس کے موقع اجمیر شریف میں چادر بھیجتے ہوئے میں انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہوں ۔وزیر اعظم مودی نے اپنے پیغام میں کہا کہ تنوع میں وحدت ہندوستان کی شناخت ہے۔ ملک میں مختلف فرقوں، برادریوں اور عقائد کا ہم آہنگ بقائے باہمی ہماری خصوصیت ہے۔ سنتوں، مہاتماوں، پیروں اور فقیروں نے مختلف ادوار میں ملک کے سماجی و ثقافتی تانے بانے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس شاندار روایت میں خواجہ معین الدین چشتی کا نام پورے ادب و احترام کے ساتھ لیا جاتا ہے جنہوں نے معاشرے کو محبت اور ہم آہنگی کا پیغام دیا۔